پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید رحمانی کی غزلیں — Saeed Rahmani Ghazals

سعید رحمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خدا کے نام سے آغاز ہر اک کام کرتے ہیں (غزل)

خدا کے نام سے آغاز ہر اک کام کرتے ہیں

منور اس طرح ہم اپنی صبح و شام کرتے ہیں

مسلسل آندھیوں میں جو جلاتے ہیں چراغ اپنا

وہی بے شک جہاں میں اپنا روشن نام کرتے ہیں

انہیں بچوں کو لڑنا ہے ستم کی دھوپ سے اک دن

ابھی جو مامتا کی چھاؤں میں آرام کرتے ہیں

عداوت کے سلگتے منظروں کے درمیاں رہ کر

محبت کے حسیں جذبات کو ہم عام کرتے ہیں

جو خود کو بیچ دیتے ہیں بکاؤ مال کی صورت

وہی اپنے قلم کی آبرو نیلام کرتے ہیں

گھروں میں آگ نفرت کی لگا کر وہ سعیدؔ اکثر

ہماری ذات ہی کو مورد الزام کرتے ہیں

اپنے کردار کی پہچان بدل دیتے ہیں (غزل)

اپنے کردار کی پہچان بدل دیتے ہیں

ایسے کچھ لوگ ہیں ایمان بدل دیتے ہیں

جن کی تکمیل کی صورت نہیں نکلی اب تک

آج ہم دل کے وہ ارمان بدل دیتے ہیں

ساتھ دیتے ہیں جو خوشیوں میں ہماری پیہم

دکھ میں نظریں وہی انسان بدل دیتے ہیں

ریل گاڑی کے سفر میں یہ ہوا ہے اکثر

لوگ بیٹھے ہوئے سامان بدل دیتے ہیں

خون دل سے جو جلاتے ہیں عزائم کے چراغ

آمد شب کا وہ امکان بدل دیتے ہیں

آج کے لوگوں میں دیکھی ہے مہارت اتنی

بڑی آسانی سے پہچان بدل دیتے ہیں

جن کو ایجاد کا دعویٰ ہے سخن میں اے سعیدؔ

اپنے شعروں کے وہ ارکان بدل دیتے ہیں

مزید غزلیں از سعید رحمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں