پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید راہی کی غزلیں — Saeed Rahi Ghazals

سعید راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے جیسے بن جاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا (غزل)

میرے جیسے بن جاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

دیواروں سے سر ٹکراؤگے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

ہر بات گوارا کر لو گے منت بھی اتارا کر لو گے

تعویذیں بھی بندھواؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

تنہائی کے جھولے کھولیں گے ہر بات پرانی بھولیں گے

آئینے سے تم گھبراؤگے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

جب سورج بھی کھو جائے گا اور چاند کہیں سو جائے گا

تم بھی گھر دیر سے آؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

بے چینی بڑھ جائے گی اور یاد کسی کی آئے گی

تم میری غزلیں گاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

کوئی پاس آیا سویرے سویرے (غزل)

کوئی پاس آیا سویرے سویرے

مجھے آزمایا سویرے سویرے

میری داستاں کو ذرا سا بدل کر

مجھے ہی سنایا سویرے سویرے

جو کہتا تھا کل شب سنبھلنا سنبھلنا

وہی لڑکھڑایا سویرے سویرے

کٹی رات ساری مری میکدے میں

خدا یاد آیا سویرے سویرے