سعید قیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاند مشرق سے نکلتا نہیں دیکھا میں نے (غزل)
چاند مشرق سے نکلتا نہیں دیکھا میں نے
تجھ کو دیکھا ہے تو تجھ سا نہیں دیکھا میں نے
حادثہ جو بھی ہو چپ چاپ گزر جاتا ہے
دل سے اچھا کوئی رستہ نہیں دیکھا میں نے
پھر دریچے سے وہ خوشبو نہیں پہنچی مجھ تک
پھر وہ موسم کبھی دل کا نہیں دیکھا میں نے
موم کا چاند ہتھیلی پہ لیے پھرتا ہوں
شہر میں دھوپ کا میلہ نہیں دیکھا میں نے
چڑھتے سورج کی شعاعوں نے مجھے پالا ہے
جو اتر جائے وہ دریا نہیں دیکھا میں نے
پھر مرے پاؤں کی زنجیر ہلا دے کوئی
کب سے اس شہر کا رستہ نہیں دیکھا میں نے
مجھ کو پانی میں اترنے کی سزا دیتا ہے
وہ سمجھتا ہے کہ دریا نہیں دیکھا میں نے
قیسؔ کہتے ہیں فقیروں پہ بہت بھونکتا ہے
اپنے ہم سایے کا کتا نہیں دیکھا میں نے
جان قربان کون کرتا ہے (غزل)
جان قربان کون کرتا ہے
اپنا نقصان کون کرتا ہے
سب تری زلف کے حصار میں ہیں
پر یہ اعلان کون کرتا ہے
تیری قربت کسے عزیز نہیں
دل کو ویران کون کرتا ہے
لوگ تو مشکلوں میں ڈالتے ہیں
مشکل آسان کون کرتا ہے
تم تغافل اگر نہیں کرتے
تو مری جان کون کرتا ہے
بت پرستی تو ہم بھی کرتے ہیں
ترک ایمان کون کرتا ہے
اپنی اپنی ضرورتیں ہیں قیسؔ
ورنہ احسان کون کرتا ہے
اور تم نہیں آتے (نظم)
اور تم نہیں آتے
چاند ڈوب جاتا ہے
عمر بیت جاتی ہے
انتظار کی بازی
رات جیت جاتی ہے
جبر کا کڑا لمحہ
آس کا بجھا تارا
شام ہجر کا دریا
مجھ میں ڈوب جاتا ہے