سعید نعمانی مرادآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ کیا وطیرہ تمہارے نئے نظام کا ہے (غزل)
یہ کیا وطیرہ تمہارے نئے نظام کا ہے
سوال صبح کا تھا اور جواب شام کا ہے
ہوئی ہے جب سے محبت میں میری رسوائی
تمام شہر میں چرچا تمہارے نام کا ہے
جو طے کیا ہے مشینوں سے آج انساں نے
وہ فاصلہ تو فقط میرے ایک گام کا ہے
غزل میں لفظ ادق آئنے پہ پتھر ہے
جو شعر سہل ہو وہ زندگی کے کام کا ہے
سوال یہ نہیں کس طرح کوئی جیتا ہے
سوال آج کے انساں کے احترام کا ہے
معززین میں ان سے بڑا ہے خوف مجھے
جنہیں خیال فقط اپنے احترام کا ہے
اڑاؤ تم بھی بزرگوں کا اے سعیدؔ مذاق
یہ فیصلہ ہی اگر شہر کے عوام کا ہے
کھو جائیں گے ہم تم بھی ملنے کا یہ پل جیسے (غزل)
کھو جائیں گے ہم تم بھی ملنے کا یہ پل جیسے
کھو جاتا ہے ماضی میں بیتا ہوا کل جیسے
آؤ میری باہوں میں یوں آ کے سمٹ جاؤ
آغوش میں جمنا کے ہے تاج محل جیسے
دیوانہ مجھے کہہ کر محفل سے اٹھاتے ہو
تم کیوں نظر آتے ہو حافظؔ کی غزل جیسے
فرقت کا تو اک لمحہ صدیوں کو سمیٹے ہے
اے دوست مسرت کی اک عمر ہے پل جیسے
آنکھوں کا ہے یہ منظر ہونٹوں کا ہے یہ عالم
پانی میں کنول جیسے محفل میں غزل جیسے
حالات سعیدؔ اپنے کچھ ایسے ہی الجھے ہیں
بکھری ہوئی زلفوں میں پڑ جاتے ہیں بل جیسے