سعید نظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سب جانتے ہوئے بھی وہ انجان بن گیا (غزل)
سب جانتے ہوئے بھی وہ انجان بن گیا
دانائیاں سمیٹ کے نادان بن گیا
یوں تو ہزاروں لوگ تھے موجود شہر میں
اس کا وجود شہر کی پہچان بن گیا
کچھ اس طرح سے سر کیا ہے میری ذات کو
میری کتاب زیست کا عنوان بن گیا
ظلم و ستم کے اس کی ذرا انتہا تو دیکھ
جو کچھ زباں سے نکلا وہ فرمان بن گیا
اب اس جہاں میں رہنا بھی ممکن نہیں رہا
آخر کو یہ بھی جنگ کا میدان بن گیا
بارود سے نہ بچ سکا وہ خود بھی اے نظرؔ
یہ کھیل اس کی موت کا سامان بن گیا
نم دیدہ ہیں معصوم سی کشمیر کی آنکھیں (غزل)
نم دیدہ ہیں معصوم سی کشمیر کی آنکھیں
حسرت سے انہیں تکتی ہیں تدبیر کی آنکھیں
زنداں کے غم و درد کا احساس ہے ان کو
اطراف مرے لپٹی ہیں زنجیر کی آنکھیں
مل جاتی انہیں قوت گویائی تو کیا تھا
کچھ کہنے سے معذور ہیں تصویر کی آنکھیں
تدبیر کے میدان میں ناکامی سے تیری
مایوس ہوئی جاتی ہیں تقدیر کی آنکھیں
لوگوں کی نگاہوں سے تو محفوظ ہے لیکن
واقف ہیں ترے ظلم سے شہتیر کی آنکھیں
دیکھا ہی نہیں اس کی بصارت کو کسی نے
کرتی ہیں شکایت مری تحریر کی آنکھیں
آنکھوں میں نظر ڈال کے آنکھیں اسے دیکھو
دن رات غضب ڈھاتی ہیں شمشیر کی آنکھیں