پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید نقوی کی غزلیں — Saeed Naqvi Ghazals

سعید نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاہے ہمارا ذکر کسی بھی زباں میں ہو (غزل)

چاہے ہمارا ذکر کسی بھی زباں میں ہو

کچھ حسرتوں کی بات بھی رسم بیاں میں ہو

آئے تو اس وقار سے اب کے عذاب ہجر

شرمندہ یہ بہار بھی اب کے خزاں میں ہو

رکھا ہے زندگی کو بھی ہر حال میں عزیز

جب کہ عذاب زیست بھی اپنے گماں میں ہو

نکلوں تری تلاش میں جب آسمان پر

صدمہ مرے خیال کو دونوں جہاں میں ہو

رسم جنوں کا باب ہے اول و آخری

لکھا نصاب دل تو کسی بھی زباں میں ہو

یہ تیرا حسن ظن تھا کہ دل کام آ گیا

ورنہ تو اس کا ذکر بھی کار زیاں میں ہو

کچھ لوگ تھے سفر میں مگر ہم زباں نہ تھے

ہے لطف گفتگو کا جو اپنی زباں میں ہو

بیٹھا ہوں دور سائے سے اس واسطے سعیدؔ

آسودگی سفر کی اسی امتحاں میں ہو

کیا ہے خود ہی گراں زیست کا سفر میں نے (غزل)

کیا ہے خود ہی گراں زیست کا سفر میں نے

کتر لیے تھے کبھی اپنے بال و پر میں نے

یوں اپنی ذات میں اب قید ہو کے بیٹھا ہوں

خود اپنے گرد اٹھائے تھے بام و در میں نے

بدل گئے خط و معنی کئی زبانوں کے

جب اعتراف جنوں کر لیا ہنر میں نے

تو میری تشنہ لبی پر سوال کرتا ہے

سمندروں پہ بنایا تھا اپنا گھر میں نے

جو آج پھر سے مرے بال و پر نکل آئے

تو تیری راہ کے کٹوا دیے شجر میں نے

میں اس کی ذات پہ یوں تبصرہ نہیں کرتا

کہ پورے قد سے تو دیکھا نہیں مگر میں نے

میں چاند رات کا بھٹکا ہوا مسافر تھا

اندھیری رات میں تنہا کیا سفر میں نے

میں بے لباس تو آیا تھا با لباس گیا

یہ زاد راہ کمایا رہ ہنر میں نے

وفور حرف کے ورثے کی آرزو میں سعیدؔ

سنا ہے میرؔ اور مرزاؔ کبھی جگرؔ میں نے

بہت گمان ہے اپنے وجود کا مجھ کو (نظم)

بہت گمان ہے اپنے وجود کا مجھ کو

مگر کوئی بھی حقیقت عیاں نہیں مجھ پر

خزاں رسیدہ کسی برگ ناتواں کی طرح

گمان یہ کہ سفر میرے اختیار میں ہے

مجھے تو یہ بھی نہیں علم کیا ہے میری ذات

میں جس کو ڈھونڈ رہا ہوں وہ کون ہے کیا ہے

وہ چاہتا ہے اسے ڈھونڈ لوں اگر میں بھی

کوئی نشان کوئی روشنی تو لازم ہے

تو اس حقیقت مخفی کو جاننے کے لیے

چلو خدا سے کوئی بات کر کے دیکھتے ہیں

اگر یہ پردہ نشینی ہی باقی رکھنی ہے

اگر تلاش کا یہ امتحان جاری ہے

تو میرے دیدۂ شب کے سکون کی خاطر

عطا کرے کوئی حکمت کوئی ہنر ایسا

کہ جب میں جاگوں

تو اصحاب کہف کی مانند

نہ کوئی پردہ نہ ابہام ہو مرے آگے

وہ وقت آئے کہ مجھ سے وہ ذات کھل جائے

مرے نصیب سے اک آگہی کا دور ملے

مرے وجود سے یہ کائنات کھل جائے

چلو اسی سے پتہ اس کا پوچھ لیتے ہیں

مزید غزلیں از سعید نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں