پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید خان کی غزلیں — Saeed Khan Ghazals

سعید خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا چلے کوچۂ جاناں کی ہوا میرے ساتھ (غزل)

کیا چلے کوچۂ جاناں کی ہوا میرے ساتھ

روز آ لگتا ہے اک دشت نیا میرے ساتھ

ایک زمانہ ہے یہاں دست و گریباں مجھ سے

تو نے کیا دامن دل باندھ لیا میرے ساتھ

گھر کے آنگن سے پرندے بھی پرے رہتے ہیں

جب سے رہتا ہے کوئی دوست خفا میرے ساتھ

روز اول سے ہوں میں سبز محبت کا اسیر

‎سایہ افگن ہے درختوں کی دعا میرے ساتھ

کچھ مرا عہد بھی قاتل ہے تو کچھ بحر جنوں

زندگی رکھتی ہے اک حشر بپا میرے ساتھ

در بدر ہو کے بھی ہٹتا نہیں رستے سے فقیر

معجزے کرتی ہے وہ گردش پا میرے ساتھ

بات کرتا ہے صحیفوں میں کوئی اور سعیدؔ

پیش آتا ہے کوئی اور خدا میرے ساتھ

شکست مان کے تسخیر کر لیا ہے مجھے (غزل)

شکست مان کے تسخیر کر لیا ہے مجھے

غزال دشت نے زنجیر کر لیا ہے مجھے

میں منتشر تھا کسی عکس رائیگاں کی طرح

نگاہ شوق نے تصویر کر لیا ہے مجھے

بکھر گیا تھا سر شہر آشیانہ میں

کسی کے ربط نے تعمیر کر لیا ہے مجھے

نکل کے جاؤں کہاں میں حصار گردش سے

سفر نے پاؤں میں زنجیر کر لیا ہے مجھے

سکوت غم سے بدن خاک ہو چلا تھا مگر

طلسم لمس نے اکسیر کر لیا ہے مجھے

مرے سخن میں سما کر کتاب رو نے مری

خود اپنے حسن کی تفسیر کر لیا ہے مجھے

میں اک خیال سر رہ گزار شب تھا سعیدؔ

کسی کے خواب نے تعبیر کر لیا ہے مجھے

مزید غزلیں از سعید خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں