پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعید احمد سعید کڑوی کی غزلیں — Saeed Ahmad Saeed Kadwi Ghazals

سعید احمد سعید کڑوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ستارو تم نہ سو جانا ابھی کچھ رات باقی ہے (غزل)

ستارو تم نہ سو جانا ابھی کچھ رات باقی ہے

ادھوری داستاں میری ہے اور کچھ بات باقی ہے

میں واپس جا رہا تھا مل کے ان سے بن کہے لیکن

مرے دل نے پکارا ٹھہرو ان سے بات باقی ہے

ہماری منزلیں اک ہیں جدا ہیں راستے بے شک

مگر نقش قدم ہر رہ گزر پر سات باقی ہے

پہنچ کر لیں گے دم ہم منزل مقصود پر ہمدم

یقیں کامل ہے یہ دل کو کہ اس کی ذات باقی ہے

ترنم بن گئی آواز میری جب بھی میں رویا

یہ تیرا ظرف ہے تو جانتا کیا بات باقی ہے

شب فرقت کی گھڑیاں گنتے گنتے عمر گزری ہے

سہارا کیا سحر دیتی کہ دل میں رات باقی ہے

فنا ہونا تھا اک دن سو فنا ہوتی گئی ہر شے

نہ یہ باقی نہ وہ باقی فقط اک ذات باقی ہے

سکون دل میسر ہو سعیدؔ اس شخص سے کیسے

ابھی تو آخری منزل پہ اس کی مات باقی ہے

چراغ سحری ہوں لیکن ابھی بجھا بھی نہیں (غزل)

چراغ سحری ہوں لیکن ابھی بجھا بھی نہیں

یہ کیسے کہہ دوں کہ اطراف میں ہوا بھی نہیں

یہ اور بات کہ ملنے میں احتیاط کرے

عجیب شخص ہے ظاہر میں وہ خفا بھی نہیں

زباں میں چاشنی پائی ہے ایسی ظالم نے

وہ سخت بات بھی کہہ دے لگے برا بھی نہیں

وہ ملنے کو تو ہمیشہ ہی مجھ سے ملتا ہے

غرور حسن تو دیکھو کہ بولتا بھی نہیں

شب فراق گزاروں میں کس طرح اپنی

فلک پہ چاند ستاروں کا قافلہ بھی نہیں

جھنجھوڑتا ہے مجھے رات دن ضمیر مرا

مرے گناہ کی دنیا میں کیا سزا بھی نہیں

میں جانتا ہوں کہ لہریں مجھے ڈبو دیں گی

سوائے اس کے کوئی اور آسرا بھی نہیں

ہر ایک شخص کو ایسا کہاں سلیقہ ملا

وہ بات کرتا ہے ایسی کہ کچھ کہا بھی نہیں

میں چل رہا ہوں سعیدؔ ایسے راستے پہ جہاں

سوائے دھوپ کے سر پر کہیں گھٹا بھی نہیں

میں ہوں کمزور مری عزم کی طاقت دے دے (نظم)

میں ہوں کمزور مری عزم کی طاقت دے دے

میرے اللہ مجھے صبر کی دولت دے دے

حق کا دامن نہ چھٹے جھوٹ سے میں دور رہوں

مجھ کو سرکار دو عالم کی اطاعت دے دے

مال و زر خرچ ہو بیواؤں یتیموں پہ مرا

میرے اللہ مجھے ایسی سخاوت دے دے

ہر نظر میں ترے محبوب کا جلوہ ہو نہاں

خالق کون و مکاں ایسی بصیرت دے دے

جو قدم اٹھے تری رہ میں وہ اٹھے میرا

تو مجھے جذبۂ کامل وہ شجاعت دے دے

میں رہوں دور برائی سے عمل نیک کروں

جو ہے اصحاب کی اللہ وہ سیرت دے دے

میرا ہر کام ہو انساں کی بھلائی کے لئے

خدمت خلق کروں ایسی سعادت دے دے

میرے اللہ مری اتنی دعا ہے تجھ سے

مجھ کو اصحاب محمد کی محبت دے دے

مزید غزلیں از سعید احمد سعید کڑوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں