سعید احمد اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر گل سے ہر خار سے الجھا رہتا ہے (غزل)
ہر گل سے ہر خار سے الجھا رہتا ہے
دل ہے اپنے یار سے الجھا رہتا ہے
پھول خفا رہتے ہیں اپنی شاخوں سے
در اپنی دیوار سے الجھا رہتا ہے
میری جوانی کا ساتھی مرا آئینہ
چاندی کے ہر تار سے الجھا رہتا ہے
جانے میرا شاعر بیٹا کیوں اکثر
دادا کی تلوار سے الجھا رہتا ہے
لوگ تو آخر لوگ ہیں ان سے کیا شکوہ
عیسیٰ کیوں بیمار سے الجھا رہتا ہے
مورت بنتی ٹوٹتی بنتی رہتی ہے
فن اپنے فن کار سے الجھا رہتا ہے
ہے قحط نہ طوفاں نہ کوئی خوف وبا کا (غزل)
ہے قحط نہ طوفاں نہ کوئی خوف وبا کا
اس دیس پہ سایہ ہے کسی اور بلا کا
ہر شام سسکتی ہوئی فریاد کی وادی
ہر صبح سلگتا ہوا صحرا ہے صدا کا
اپنا تو نہیں تھا میں کبھی اور غموں نے
مارا مجھے ایسا رہا تیرا نہ خدا کا
پھیلے ہوئے ہر سمت جہاں حرص و ہوس ہوں
پھولے گا پھلے گا وہاں کیا پیڑ وفا کا
ہاتھوں کی لکیریں تجھے کیا سمت دکھائیں
سن وقت کی آواز کو رخ دیکھ ہوا کا
لقمان و مسیحا نے بھی کوشش تو بہت کی
ہوتا ہے اثر اس پہ دعا کا نہ دوا کا
اس بار جو نغمہ تری یادوں سے اٹھا ہے
مشکل ہے کہ پابند ہو الفاظ و صدا کا
اتنی ترے انصاف کی دیکھی ہیں مثالیں
لگتا ہی نہیں ملک ترا ملک خدا کا
سمجھا تھا وہ اندر کہیں پیوست ہے مجھ میں
دیکھا تو مرے ہاتھ میں آنچل تھا صبا کا
زندگی اس طرح گزرتی ہے (نظم)
زندگی اس طرح گزرتی ہے
جس طرح جون کے مہینے میں
کوئی بوڑھا غریب پردیسی
لاکھ ارماں دبائے سینے میں
بوجھ سے چور اور تھکن سے نڈھال
ہانپتا کانپتا پسینے میں
اونچے محلوں تلے گزرتا ہو
اور ہر گام آہ بھرتا ہو