سعید اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غم رات دن رہے تو خوشی بھی کبھی رہی (غزل)
غم رات دن رہے تو خوشی بھی کبھی رہی
اک بے وفا سے اپنی بڑی دوستی رہی
ان سے ملن کی شام گھڑی دو گھڑی رہی
اور پھر جو رات آئی تو برسوں کھڑی رہی
شام وصال درد نے جاتے ہوئے کہا
کل پھر ملیں گے دوست اگر زندگی رہی
بستی اجڑ گئی بھی تو کیکر ہرے رہے
دربند ہو گئے بھی تو کھڑکی کھلی رہی
اخترؔ اگرچہ چاروں طرف تیز دھوپ تھی
دل پر خیال یار کی شبنم پڑی رہی
شہر کے فٹ پاتھ پر کچھ چبھتے منظر دیکھنا (غزل)
شہر کے فٹ پاتھ پر کچھ چبھتے منظر دیکھنا
سرد راتوں میں کبھی گھر سے نکل کر دیکھنا
یہ سمجھ لو تشنگی کا دور سر پر آ گیا
رات کو خوابوں میں رہ رہ کر سمندر دیکھنا
کس کے ہاتھوں میں ہیں پتھر کون خالی ہاتھ ہے
یہ سمجھنے کے لیے شیشہ سا بن کر دیکھنا
بے حسی ہے بزدلی ہے حوصلہ مندی نہیں
بیٹھ کر ساحل پہ طوفانوں کے تیور دیکھنا
اے مرے آنگن کے سائے اے مرے پھل دار پیڑ
تیری قسمت میں ہے اب پتھر ہی پتھر دیکھنا
یہ ستم یہ شورشیں تمہید ہیں اس بات کی
بستی بستی ہر طرف خوں کا سمندر دیکھنا