سعدیہ صفدر سعدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لمحہ لمحہ سوچنے والی آنکھیں تھیں (غزل)
لمحہ لمحہ سوچنے والی آنکھیں تھیں
اس کی آنکھیں دیکھنے والی آنکھیں تھیں
کئی دنوں سے ان کو ڈھونڈ رہی ہوں میں
وہ جو مجھ کو ڈھونڈنے والی آنکھیں تھیں
اس کو بھولوں بھی تو کیسے بھولوں میں
ہنستے ہنستے رونے والی آنکھیں تھیں
ادھر ادھر کب دیکھنے دیتی تھیں مجھ کو
ہر پل مجھ کو ٹوکنے والی آنکھیں تھیں
مجھ کو خود سے دور نہ جانے دیتی تھیں
میرا رستہ روکنے والی آنکھیں تھیں
اپنے آپ میں ایک پہیلی تھی سعدیؔ
اور پہیلی بوجھنے والی آنکھیں تھیں
نہیں معلوم جینے کا ہنر کیسا رکھا ہے (غزل)
نہیں معلوم جینے کا ہنر کیسا رکھا ہے
ہمیں حالات نے جیسے رکھا زندہ رکھا ہے
مری پاگل طبیعت کا ہے کوئی پیر نہ سر
نہیں دریا ملا تو آنکھ میں صحرا رکھا ہے
تمہیں جس سمت سے آنا ہوا بے خوف آنا
تمہارے واسطے چاروں طرف رستہ رکھا ہے
مرے جیسی اداسی شہر میں کس کو ملی ہے
مرا جیسا کسی نے کب بجھا چہرہ رکھا ہے
وہ جتنے بھیس بدلے میں اسے پہچان لوں گی
کہ میں نے آنکھ میں اس شخص کا نقشہ رکھا ہے
تمہارے وصل کی افطاری آئے یا نہ آئے
مگر میں نے تمہارے ہجر کا روزہ رکھا ہے
کسی کے ہجر میں بھولی ہوں باقی رنگ سارے
مری الماری میں ہر سوٹ اب کالا رکھا ہے
حصار رنج میں رہتے ہوئے تجھے چاہوں (نظم)
حصار رنج میں رہتے ہوئے تجھے چاہوں
غبار راہ یقیں میں سدا تجھے دیکھوں
جبین وقت پہ ہر آن بس تجھے لکھوں
چراغ ہجر بنوں رات بھر تری آنکھوں
کے جنگلوں میں کروں روشنی اڑاؤں تری
سنہری نیند اندھیروں بھرے مکانوں میں
ترے وجود سے اپنا وجود باندھ کے میں
سمندروں میں کروں رقص جل پری کی طرح
سناؤں شاعری تجھ پر لکھی غزالوں کو
بناؤں لمس ترا عطر میں کروں نیلام
تمام شہر کے آگے اسے بنے جنت
ہر اک دریچہ کھلے جو قبا تری ہی مہک
اٹھے جہاں سے بھی گزروں فقط تری خوشبو
کرے طواف مرا کو بہ کو فقط تو ہو
اے شخص تیرے جمال جوان کی سوگند
دھڑک رہا ہے ہمیشہ مری رگوں میں تو
ترا سراپا ادب کی کتاب جیسا ہے
تجھے پڑھوں تجھے لکھوں تجھے سنوں ہر وقت
کسی صحیفے کی تفسیر ترجمہ ترا جسم
کسی قدیم قلم سے لکھا ہوا ترا اسم
کسی چراغ سے ملتا ہوا ترا چہرہ
کسی دہکتی ہوئی شام سی تری آنکھیں
کسی بکھرتی ہوئی داستان سی زلفیں
کسی گلاب سے آراستہ تپے ہوئے گال
لرزتے ہونٹ شکستہ سخن ڈرا لہجہ
چمکتے ہاتھ سلگتی ہوئی جبیں پہ جمی
غموں کی گرد مجھے کہ رہی ہے چوم کے میں
نڈھال پیر ترے آبلے گنوں سارے
تھکان ساری اتاروں تری دباؤں سر
پلاؤں شربت صندل سنوار کے ترے بال
کروں میں پیار سے کنگھی لکھوں سفر پہ ترے
میں ایسی نظم کوئی جو تجھے رکھے سرسبز
تری بجھی ہوئی آنکھیں بھروں میں خوابوں سے
ترے دکھوں کا سکھوں سے سدا علاج کروں
سناؤں نظم تمہیں میں گلے لگا کے نئی
تمہاری شرٹ پہ میں آنسوؤں سے کاج کروں