صادقہ فاطمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گزرے ہیں تیرے ساتھ جو دن رات ابھی تک (غزل)
گزرے ہیں تیرے ساتھ جو دن رات ابھی تک
آنکھوں میں بسے ہیں وہی لمحات ابھی تک
کچھ عشق کی لذت بھی ہے کچھ سوزش دل بھی
تازہ ہیں مرے دل میں یہ سوغات ابھی تک
کرتی ہوں کبھی جب تری تصویر سے باتیں
کیوں آنکھ سے ہوتی ہے یہ برسات ابھی تک
وہ تیرا تبسم وہ محبت بھری نظریں
رقصاں ہے لہو میں تری ہر بات ابھی تک
رہنے نہیں دیتا مجھے تنہا وہ تصور
زندہ ہے مرے دل میں تری ذات ابھی تک
تو نقش ہے دل پر مرے تصویر کی صورت
بدلے ہی نہیں ہیں مرے حالات ابھی تک
وہ جن کی لے ہم بھول گئے وہ میٹھے گیت پرانے ہیں (غزل)
وہ جن کی لے ہم بھول گئے وہ میٹھے گیت پرانے ہیں
جو سچے رشتے ناطے تھے وہ آج سبھی بیگانے ہیں
کل جن سے نگاہیں ملتی تھیں اک ہوک سی دل میں اٹھتی تھی
اب سارے رستے بند ہوئے وہ لوگ سبھی انجانے ہیں
میں پیار کی بات کروں کس سے ہر بات خیال و خواب ہوئی
کیا اپنی وفا کا ذکر کروں کہتے ہیں یہ سب افسانے ہیں
مخلوق کو زندہ رہنے دو یہ دھرتی سب کی دھرتی ہے
ہم سب کو زیست کی راہوں میں مل جل کر بوجھ اٹھانے ہیں
تم جس کو شراب سمجھتے ہو انساں کا لہو ہے ساغر میں
عشاق کا مقتل ہے پیارے تم کہتے ہو میخانے ہیں
تم سورج میں رنگ کرن (نظم)
تم سورج میں رنگ کرن
تم ساگر ہو میں موج مگن
تم کھلا سمندر میں قطرہ
تم سچ ہو اور میں افسانہ
تم روشن دن میں شب زادی
تم روشنیاں پھیلاتے ہو
ذرہ ذرہ چمکاتے ہو
میں ایک پجارن دیو داسی
چپکے سے باہر آتی ہوں
اور کرنوں کی اس برکھا میں
اپنا تن من نہلاتی ہوں
تم جیون جوت جگاتے ہو
اور مجھ کو بھی چمکاتے ہو
تم رنگ بھرا مدھو شالہ ہو
اور میں تو خالی پیالہ ہوں
تم دھرتی کا اجیالا ہو
میں رات کا گہرا سناٹا
تم جھلمل جھلمل مالا ہو
میں پیر میں چبھتا اک کانٹا
ہر موسم کا ہو روپ بھی تم
سایہ بھی تم ہو دھوپ بھی تم
میں کون ہوں کوئی بتائے تو
اس گتھی کو سلجھائے تو