پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صادق نقوی کی غزلیں — Sadiq Naqvi Ghazals

صادق نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی درد محبت کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

زندگی درد محبت کے سوا کچھ بھی نہیں

درد فطرت کی عنایت کے سوا کچھ بھی نہیں

مجھ گنہ گار کو ہے ناز جو رحمت پہ تری

طرز اظہار ندامت کے سوا کچھ بھی نہیں

میری نظروں کا تقاضہ ہی سہی حسن ترا

حسن اک شوخئ فطرت کے سوا کچھ بھی نہیں

کچھ نہ کہنا بھی محبت میں محبت کی قسم

ایک اظہار حقیقت کے سوا کچھ بھی نہیں

اجنبی بن کے نگاہوں میں سمانے والے

اجنبیت یہ عنایت کے سوا کچھ بھی نہیں

میری دنیائے خیالات میں آنے والے

یہ مرے خواب مسرت کے سوا کچھ بھی نہیں

میرا ہر قول و عمل اس کا ہے شاہد صادقؔ

میرا آئین صداقت کے سوا کچھ بھی نہیں

کھلونوں کی دکاں پر درد کا شہکار لایا ہوں (غزل)

کھلونوں کی دکاں پر درد کا شہکار لایا ہوں

یہ کچھ آنسو ہیں جن کو بیچنے بازار آیا ہوں

نگاہوں سے برستے سرد شعلوں کی کہانی کو

غزل کا روپ دے کر آپ کی محفل میں لایا ہوں

تصور کے افق پر جگمگاتے چاند تاروں کو

اندھیری بستیوں کے نام اک پیغام لایا ہوں

سناؤں تو یہ ڈر ہے آپ پر بار گراں ہوگا

وہ اک سادہ سا افسانہ جسے آنکھوں میں پایا ہوں

ذرا نظریں اٹھا کر مسکرا کر دیکھ تو لیجے

بڑی امید لے کر آپ کی محفل میں آیا ہوں

غم و درد و الم کے تیز طوفانوں کی گودی میں

جو صدیوں سے رہا ہے میں اسی ہستی کا سایا ہوں

جسے دنیا نے بڑھ کر زندگی کا نام دے ڈالا

اسی بے ربط سی خواہش کا صادقؔ میں ستایا ہوں

یہی ہوتا رہا ہے اور یہی ہوتا رہے گا (نظم)

یہی ہوتا رہا ہے اور یہی ہوتا رہے گا

کہ ہر سقراط کو ہاتھوں سے اپنے

زہر پینا پڑے گا

کہ سچائی کا حاصل اس جہاں میں

سوائے موت کے کچھ بھی نہیں ہے

مگر یہ بھی حقیقت ہے مکمل

کہ سچائی کبھی مرتی نہیں ہے

کہ ہر سقراط مر جانے سے پہلے

ہزاروں حق پرستوں کو جہاں میں

صداقت کے لئے مرنے کی ہمت

سونپ جاتا ہے

مزید غزلیں از صادق نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں