صادق باجوہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدمت انساں کی کچھ تدبیر بھی (غزل)
خدمت انساں کی کچھ تدبیر بھی
کاش ہو اس خواب کی تعبیر بھی
بے محابا ہر قدم منزل سے دور
پاؤں میں ہو عہد کی زنجیر بھی
عظمت رفتہ کی خواہش کر ضرور
کر اسے پانے کی کچھ تدبیر بھی
حرمت توقیر انساں کر عزیز
چھوڑ دے یہ نفرت و تحقیر بھی
بانٹیے دکھ درد ساتھی بھی ہوں خوش
ہو نئی دنیا کی پھر تعمیر بھی
اسوۂ خیر البشر اپنائیے
تھامیے اخلاص کی زنجیر بھی
ایسے انساں کو ملا بام و عروج
جس نے اپنی ذات کی تسخیر کی
کب سے موہوم امیدوں کا صلہ رکھا ہے (غزل)
کب سے موہوم امیدوں کا صلہ رکھا ہے
تیری یادوں کا بہت اونچا دیا رکھا ہے
سن کے مجبور تمنا کی سسکتی آہیں
لوریاں دے کے اسے دل نے سلا رکھا ہے
عمر گزری ہے مگر خود سے جدا کر نہ سکے
بھولنے والے تری یاد میں کیا رکھا ہے
ساقیا مہر بلب کر کے صلہ کیا پایا
حشر کچھ اور خموشی نے بپا رکھا ہے
یاد بھی کر نہ سکے بھول بھی پائے نہ جسے
اک وہی عہد وہ پیمان وفا رکھا ہے
اس کی تعبیر بھلا کون کرے گا صادقؔ
جاگتی آنکھوں نے جو خواب سجا رکھا ہے