پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صادق کی غزلیں — Sadiq Ghazals

صادق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ چیر کے آکاش زمیں پر اتر آیا (غزل)

وہ چیر کے آکاش زمیں پر اتر آیا

جلتا ہوا سورج مری آنکھوں میں در آیا

لہروں نے کئی بار مرے در پہ دی دستک

پھر ساتھ مجھے لینے سمندر ادھر آیا

وہ زیست کے اس پار کی تھاہ لینے گیا تھا

پر لوٹ کے اب تک نہ مرا ہم سفر آیا

فرصت ہو تو یہ جسم بھی مٹی میں دبا دو

لو پھر میں زماں اور مکاں سے ادھر آیا

گرچہ سہل نہیں لیکن تیرے کہنے پر لاؤں گا (غزل)

گرچہ سہل نہیں لیکن تیرے کہنے پر لاؤں گا

کاٹ کے اپنے ہاتھوں میں اب اپنا ہی سر لاؤں گا

جس میں ہوں تیار کھڑی ہر سمت سرابوں کی فصلیں

اپنے کندھوں پر وہ ریگستان اٹھا کر لاؤں گا

قوس قزح کے رنگوں سے تیار کروں گا نقش نیا

رہ جاؤ انگشت بدنداں ایسا منظر لاؤں گا

ان کی یاد میں بہتے آنسو خشک اگر ہو جائیں گے

سات سمندر اپنی خالی آنکھوں میں بھر لاؤں گا

جا پہنچوں گا تخت معلی تک اپنی فریاد لیے

دست خاص سے لکھوا کر اک نیا مقدر لاؤں گا

سارے الفاظ (نظم)

سارے الفاظ

الفاظ الفاظ الفاظ

الفاظ ہی ہیں

دھویں سے لکھے

اک بیاباں کے اندھ کار کے درمیاں

بیاباں کے اندھ کاری کے درمیاں

نیند کی

نیلی نیلی سرنگیں کہاں

کہاں کوئی ہمسائیگی

خون کی سر خوشی

دھرم اخلاق تہذیب انسانیت

راج نیتی

محبت سماج اور جمہوریت

نیایے دستور رشتے

دوست بھائی بہن باپ ماں

الفاظ الفاظ ہی ہیں

دھوئیں سے لکھے

صرف میں

اور مرے قرب کا

نامیاتی تعلق

حقیقت ہے

اور باقی سب کچھ ہیں

ٹوٹے طلسمات کی ہڈیاں

مزید غزلیں از صادق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں