صادق علی شاداب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھ کو کسی سے کوئی شکایت نہیں رہی (غزل)
مجھ کو کسی سے کوئی شکایت نہیں رہی
جب سے مکان دل میں وہ صورت نہیں رہی
کتنا اداس تھا وہ یہ کہتے ہوئے مجھے
میں خوش ہوں اب مجھے تری عادت نہیں رہی
پل میں جو رنگ بدلے مرا عشق وہ نہیں
جاناں تری یہ بات حقیقت نہیں رہی
میں بھی تو اب کسی کی محبت نہیں رہا
وہ بھی تو اب کسی کی محبت نہیں رہی
مانگا جہاں سے پیار کے بدلے میں پیار جب
کہنے لگے کہ اب وہ روایت نہیں رہی
یہ سچ ہے تو کبھی میرا ہوگا نہیں مگر
یہ جھوٹ ہے کہ اب تری حسرت نہیں رہی
آنا نہ چاہتے تھے جو اپنوں کے سامنے (غزل)
آنا نہ چاہتے تھے جو اپنوں کے سامنے
پھرتے ہیں در بدر سے وہ غیروں کے سامنے
ایسے ہوا ہوں دیکھ کے حیران میں اسے
جادو ہوا ہو جیسے کے بچوں کے سامنے
تیرا غرور اس کو کچل کر چلا گیا
عزت پڑی تھی جو ترے پیروں کے سامنے
مر جاؤں گا میں ایسے ہی اک روز دیکھنا
امید جیسے مر گئی آنکھوں کے سامنے
اس کو تو اپنے گھر کا بھی رستا نہیں پتہ
رہبر بنا ہوا ہے جو اندھوں کے سامنے
مسکان کھینچ لائے اداسی کی شکل پر
مایوس ہو کے بیٹھی تھی یاروں کے سامنے