پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعدیہ سویرا کی غزلیں — Sadia Swera Ghazals

سعدیہ سویرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ بھی ممکن ہے مجھے تجھ سے محبت نہ رہے (غزل)

یہ بھی ممکن ہے مجھے تجھ سے محبت نہ رہے

یا رہے بھی تو تری اور ضرورت نہ رہے

سوچتی ہوں کہ کوئی راستہ مل جائے مجھے

جہاں باقی ترے ٹکرانے کی صورت نہ رہے

اس سے بہتر تو مجھے عالم مدہوشی ہے

عالم ہوش میں باقی جہاں حیرت نہ رہے

جس حقارت سے مری چاہ کو رد تو نے کیا

کاش ایسا ہو کسی کو تری چاہت نہ رہے

دم آخر یوں پلٹ کر مجھے دیکھا اس نے

جیسے بندے کو کسی شے کی ضرورت نہ رہے

اتنی بن جائے فقط دل میں محبت کی جگہ

کوئی رنجش نہ رہے کوئی کدورت نہ رہے

اگر ویسے نہ ہوتے وہ تو ہم ایسے نہیں ہوتے (غزل)

اگر ویسے نہ ہوتے وہ تو ہم ایسے نہیں ہوتے

پکڑتے جھوٹ کیا اس کا جو خود جھوٹے نہیں ہوتے

یقیناً خواب تو ان کو بھی آتے ہوں گے پریوں کے

وہ جن کی جیب میں روٹی کے بھی پیسے نہیں ہوتے

چہکنا بھی وہاں چڑیوں کا کم ہو جایا کرتا ہے

وہ جس آنگن میں ہنستے کھیلتے بچے نہیں ہوتے

بڑے انسان کی پہچان تو وہ ظرف ہوتا ہے

کہ ان کے ساتھ چھوٹے بیٹھ کر چھوٹے نہیں ہوتے

ہمیں کیا نیند سے لینا غرض کیا ہم کو راتوں سے

بہت دیکھا کیے سپنے مگر سچے نہیں ہوتے

مزید غزلیں از سعدیہ سویرا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں