صدام حسین مضؔمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسے ویسوں سے تو اب پیار نہیں کر سکتا (غزل)
ایسے ویسوں سے تو اب پیار نہیں کر سکتا
زندگی میں تجھے بے کار نہیں کر سکتا
کرنے والا ہی تو کرتا ہے کرشمے ورنہ
ہر کوئی دریا بضد پار نہیں کر سکتا
عشق وہ کام ہے سچا کہ مرے ہم عصرو
ایسا ویسا ہو اداکار نہیں کر سکتا
مجھ کو محسوس جو کرنا ہے تو یوں ہی کر لے
میں یقیناً کوئی اظہار نہیں کر سکتا
خار کو خار ہی رکھتی ہے یہ غیرت میری
اور جو ہے پھول اسے خار نہیں کر سکتا
اس کی خواہش ہے تو بے خوف مرے ساتھ چلے
ورنہ چلنے پہ میں اصرار نہیں کر سکتا
اپنی باتوں سے مری ذات پہ گہرا جادو
تم جو کرتے ہو فسوں کار نہیں کر سکتا
شمع محفل کی بجھے اور تعلق ٹوٹے
اتنا مضمرؔ تمہیں لاچار نہیں کر سکتا
شکوہ نہ شکایت نہ کوئی اس سے گلہ ہے (غزل)
شکوہ نہ شکایت نہ کوئی اس سے گلہ ہے
گرچہ وہ مجھے آج رلا کر کے گیا ہے
خوش ہوں کہ مجھے اور بھی اونچا ہی کرے گا
نیچا جو مجھے روز دکھانے میں لگا ہے
اک میں ہوں کہ اس بار بھی تنہا ہی لڑا ہوں
اک وہ ہے کہ پھر بھیڑ جٹا کر کے چلا ہے
سایہ مری دیوار کا اس پار تلک تھا
سورج مری دیوار گرا کر کے اٹھا ہے
اس سمت مری آنکھ میں چبھتا ہے ابھی تک
اس سمت وہ اک خواب مکمل جو ہوا ہے
میں جب بے چین ہوتا ہوں (نظم)
میں جب بے چین ہوتا ہوں
تو یہ احساس ہوتا ہے
کہ شاید تم بھی جان جاں
بہت تھک ہار کر شاید
اچانک روٹھ کر خود سے
بنا سوچے بنا سمجھے
کہیں سنسان جنگل میں
پریشاں دہر سے آ کر
کسی برگد کے سائے میں
اکیلے آن بیٹھے ہو
مجھے تم یاد کرتے ہو