صدام غنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کی ہر بات یہاں جیسے مسیحائی ہے (غزل)
اس کی ہر بات یہاں جیسے مسیحائی ہے
اس کا کردار مگر سچ ہے کہ بلوائی ہے
دل کا ہوتا جو زمانہ تو محبت کرتے
عقل کے دور میں تو عشق کی رسوائی ہے
کوئی طوفاں ہے جو اٹھنے کو ہے پہلو سے مرے
دل یہ کہتا ہے کہ یہ عشق کی انگڑائی ہے
تو اگر ہے تو خیالات معطر ہیں مرے
تو نہیں ہے تو نظر تیری تمنائی ہے
دل کی دنیا میں اندھیرا ہی اندھیرا کیوں ہے
بے سبب شمع وفا بجھتی چلی آئی ہے
ہے یقیں روز جزا قبر سے اٹھیں گے سبھی
آج یہ بات کسی شخص نے دہرائی ہے
اس کے آنے سے تمنائیں مچل جاتی ہیں
وہ مرا یار ہے قاتل ہے کہ ہرجائی ہے
روبرو ہو کے بتائیں گے خدا سے اک دن
تیری دنیا میں مظالم کی پذیرائی ہے
مرا ساقی کوئی مجھ سے خطا ہونے نہیں دیتا (غزل)
مرا ساقی کوئی مجھ سے خطا ہونے نہیں دیتا
پلاتا ہے مگر تھوڑی نشہ ہونے نہیں دیتا
حسیں بھی ہے وہی اور حسن کا مالک بھی ہے لیکن
وہ اپنے حسن کو جلوہ نما ہونے نہیں دیتا
بچھڑنا بھولنا کم یاد کرنا سب کیا لیکن
وہ میرے ذہن سے خود کو جدا ہونے نہیں دیتا
مرض میں مبتلا ہونا گوارا ہے مجھے لیکن
کسی مانگی ہوئی شے کو دوا ہونے نہیں دیتا
دل بسمل دعائے خیر مانگے بھی تو کیا مانگے
تڑپ کی آرزو کو وہ فنا ہونے نہیں دیتا
چمن میں زیب و زینت مختلف رنگوں سے باقی ہے
مگر وہ اس روایت کو روا ہونے نہیں دیتا