پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صدا انبالوی کی غزلیں — Sada Ambalvi Ghazals

صدا انبالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب کہاں دوست ملیں ساتھ نبھانے والے (غزل)

اب کہاں دوست ملیں ساتھ نبھانے والے

سب نے سیکھے ہیں اب آداب زمانے والے

دل جلاؤ یا دیئے آنکھوں کے دروازے پر

وقت سے پہلے تو آتے نہیں آنے والے

اشک بن کے میں نگاہوں میں تری آؤں گا

اے مجھے اپنی نگاہوں سے گرانے والے

وقت بدلا تو اٹھاتے ہیں اب انگلی مجھ پر

کل تلک حق میں مرے ہاتھ اٹھانے والے

وقت ہر زخم کا مرہم تو نہیں بن سکتا

درد کچھ ہوتے ہیں تا عمر رلانے والے

اک نظر دیکھ تو مجبوریاں بھی تو میری

اے مری لغزشوں پر آنکھ ٹکانے والے

کون کہتا ہے برے کام کا پھل بھی ہے برا

دیکھ مسند پہ ہیں مسجد کو گرانے والے

یہ سیاست ہے کہ لعنت ہے سیاست پہ صداؔ

خود ہیں مجرم بنے قانون بنانے والے

وہ تو خوشبو ہے ہر اک سمت بکھرنا ہے اسے (غزل)

وہ تو خوشبو ہے ہر اک سمت بکھرنا ہے اسے

دل کو کیوں ضد ہے کہ آغوش میں بھرنا ہے اسے

کیوں سدا پہنے وہ تیرا ہی پسندیدہ لباس

کچھ تو موسم کے مطابق بھی سنورنا ہے اسے

اس کو گلچیں کی نگاہوں سے بچائے مولا

وہ تو غنچہ ہے ابھی اور نکھرنا ہے اسے

ہر طرف چاہنے والوں کی بچھی ہیں پلکیں

دیکھیے کون سے رستے سے گزرنا ہے اسے

دل کو سمجھا لیں ابھی سے تو مناسب ہوگا

اک نہ اک روز تو وعدے سے مکرنا ہے اسے

ہم نے تصویر ہے خوابوں کی مکمل کر لی

ایک رنگ حنا باقی ہے جو بھرنا ہے اسے

خواب میں بھی کبھی چھونا تو وضو کر کے صداؔ

کبھی میلا کبھی رسوا نہیں کرنا ہے اسے

دولت جہاں کی مجھ کو تو میرے خدا نہ دے (نظم)

دولت جہاں کی مجھ کو تو میرے خدا نہ دے

پوری ہوں بس ضرورتیں اس کے سوا نہ دے

تیری رضا میں خوش رہوں توفیق اتنی دے

پانی بھلے نہ دے مجھے بے شک ہوا نہ دے

دنیا کی سب ملامتیں مجھ کو قبول ہیں

لیکن نظر سے اپنی تو مجھ کو گرا نہ دے

آئیں نہ عیب میرے جہاں سے نظر مجھے

مسند پہ ایسی مجھ کو تو مولیٰ بٹھا نہ دے

اوقات بھول جاؤں میں اپنی جہاں پہنچ

ہرگز مرے خدا مجھے وہ مرتبہ نہ دے

بیگانہ ہو نہ جاؤں تری یاد سے کہیں

شہرت ہے نام جس کا مجھے وہ بلا نہ دے

اس بار بخش دے مرے مولیٰ صداؔ کو تو

قید حصار ذات کی پھر سے سزا نہ دے

مزید غزلیں از صدا انبالوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں