سچن شکلا مسافر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوچو تو یار اس نے بھی کیا کیا نہیں کیا (غزل)
سوچو تو یار اس نے بھی کیا کیا نہیں کیا
پر میں نے اس کے ساتھ تماشہ نہیں کیا
اس نے روایتوں کی تو یوں قدر کی بہت
پر اس نے عاشقی کا تقاضا نہیں کیا
منزل تو سامنے تھی کہ اٹھنے کی دیر تھی
پھر یوں ہوا کہ ہم نے ارادہ نہیں کیا
وعدہ کیا تھا اس سے کہ چاہیں گے عمر بھر
جیتے رہیں گے ایسا تو وعدہ نہیں کیا
ہم تو رہے ہیں عشق میں نقصان میں بہت
کہ اپنی خواہشوں کا تقاضا نہیں کیا
یار کسی کو پا کر کھونا اتنا بھی آسان نہیں (غزل)
یار کسی کو پا کر کھونا اتنا بھی آسان نہیں
ہنستے ہونٹوں سے پھر رونا اتنا بھی آسان نہیں
ہم نے اپنا درد سنایا لطف اٹھایا محفل نے
اس دنیا میں شاعر ہونا اتنا بھی آسان نہیں
جن سے رشتہ ٹوٹ گیا ہو ان سے پھر ہنس کے ملنا
خاک ہوئے رشتوں کو ڈھونا اتنا بھی آسان نہیں
جن سوکھی آنکھوں سے موتی آنسو بن کے جھر جائیں
ان آنکھوں میں خواب پرونا اتنا بھی آسان نہیں
جن لفظوں کو کہہ دینے سے سننے والے واہ کہیں
ان شعروں پر آنکھ بھگونا اتنا بھی آسان نہیں
رشتوں پر گر آنچ بڑھے تو سہہ کر پیچھے ہٹ جائیں
یار مسافرؔ کائر ہونا اتنا بھی آسان نہیں