پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثابت خیرآبادی کی غزلیں — Sabit Khairabadi Ghazals

ثابت خیرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قدرت کے ہر کرشمے نے حیراں بنا دیا (غزل)

قدرت کے ہر کرشمے نے حیراں بنا دیا

ذروں کو جس نے نور سے تاباں بنا دیا

خالق نے مجھ کو خاک سے انساں بنا دیا

اس پر ہے یہ شرف کہ مسلماں بنا دیا

گھبرا گیا تھا کشمکش زندگی سے میں

مشکل کو میری آپ نے آساں بنا دیا

پوچھے کوئی خلیل سے اس کی نوازشیں

آتش کدے کو دم میں گلستاں بنا دیا

ثابتؔ جناب دلؔ کے قلم کی نوازشیں

جس پر ہوئیں اسی کو سخنداں بنا دیا

اک نظر نے کر دیا دنیا سے بیگانہ مجھے (غزل)

اک نظر نے کر دیا دنیا سے بیگانہ مجھے

برملا کہنے لگا ہر ایک دیوانہ مجھے

بھول سکتا ہی نہیں وہ جام و پیمانہ مجھے

جو عطا کرتا تھا میرا پیر مے خانہ مجھے

اس ادا سے کچھ دیا ساقی نے پیمانہ مجھے

چشم میگوں سے پڑا توبہ کو ٹکرانا مجھے

رخ کبھی کعبے کی جانب دیر کی جانب کبھی

دربدر بھٹکا رہا ہے شوق جانانہ مجھے

کیا اسی کو اپنی معراج تخیل مان لوں

وہ نظر آنے لگے ہیں بے حجابانہ مجھے

آ گئی نزدیک ثابتؔ اب وہ بزم دل نواز

پیش کرنا ہے جہاں پر دل کا نذرانہ مجھے

ہو دعا مقبول ثابتؔ کی بعنوان وطن (نظم)

ہو دعا مقبول ثابتؔ کی بعنوان وطن

تا ابد پھولے پھلے یارب گلستان وطن

جنوری چھبیس آئی بڑھ گئی شان وطن

زیب و زینت سے مزین ہے گلستان وطن

ناز سب کرتے ہیں تم پر اے جوانان وطن

جان جائے پر نہ جائے ہاتھ سے آن وطن

ہر طرف جشن چراغاں اور مسرت چار سو

ذرہ ذرہ آج ہے گویا ثنا خوان وطن

تانتیا ٹوپے ظفر جھانسی کی رانی نانا راؤ

مر کے بھی زندہ رہیں گے یہ محبان وطن

کہہ رہی ہے روح ان کی یہ بآواز بلند

اے وطن کے باسیو تم ہو نگہبان وطن

کم ہے جتنا بھی کریں جمہوریت پر ناز ہم

گاندھی نہرو نے وہ کھولا باب ایوان وطن

مزید غزلیں از ثابت خیرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں