پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر زاہد کی غزلیں — Sabir Zahid Ghazals

صابر زاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آندھی کا کر خیال نہ تیور ہوا کے دیکھ (غزل)

آندھی کا کر خیال نہ تیور ہوا کے دیکھ

دیوار ریت کی سہی اونچی اٹھا کے دیکھ

سایہ ہوں دھوپ ہوں کہ سرابوں کا روپ ہوں

میں کیا ہوں کون ہوں مرے نزدیک آ کے دیکھ

اپنی ہی ذات میں تو سمندر ہوا تو کیا

میرے لہو میں کھولتا سورج بجھا کے دیکھ

اک روز تو لباس سمجھ کر مجھے پہن

کچھ دیر ہی سہی مجھے اپنا بنا کے دیکھ

میں کانچ کے مکان میں رہتا ہوں ان دنوں

آ اے صدائے سنگ مجھے آزما کے دیکھ

شاید کسی چٹان سے جھرنا ابل پڑے

پتھر کے دل پہ موم کا تیشہ جلا کے دیکھ

آتا ہے کون کون ترے غم کو بانٹنے

زاہدؔ تو اپنی موت کی افواہ اڑا کے دیکھ

جب بھی پڑھا ہے شام کا چہرہ ورق ورق (غزل)

جب بھی پڑھا ہے شام کا چہرہ ورق ورق

پایا ہے آفتاب کا ماتھا عرق عرق

لہجے میں ڈھونڈیئے نہ حلاوت کہ عمر بھر

لمحوں کا زہر ہم نے پیا ہے رمق رمق

تھے قہقہے سراب سمندر جو پی گئے

کہنے کو دل کے گھاؤ تھے روشن طبق طبق

قاتل کا مل سکا نہ بھرے شہر میں سراغ

ہر چند میرا خون تھا پھیلا شفق شفق

جو شخص دھڑکنوں میں رہا مدتوں اسیر

اس کی تلاش لے گئی ہم کو افق افق

ٹکرا گیا تھا بھیڑ میں خوشبو کا قافلہ

ملبوس سرسراتے بدن تھے عبق عبق

زاہدؔ نئی غزل ہے کہ تقسیم کا حساب

باندھے ہیں تم نے خوب قوافی ادق ادق

مزید غزلیں از صابر زاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں