صابر شاہ صابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک چہرے پہ ہیں کئی چہرے (غزل)
ایک چہرے پہ ہیں کئی چہرے
پڑھ نہیں پاؤ گے سبھی چہرے
خود کی پہچان ہو گئی مشکل
یوں بدلتی ہے زندگی چہرے
تیز تھی غم کی دھوپ ہم پر یوں
کھو چکے کب سے تازگی چہرے
زہر غم پی کے مسکراتے ہیں
ان کے دیکھے بھی ہیں کبھی چہرے
ہر گھڑی کیوں سپاٹ لگتے ہیں
تن پہ ہوں جیسے کاغذی چہرے
اب کہاں تاب مسکرانے کی
خوف سے زرد ہیں ابھی چہرے
ہم نے دیکھا ہے بارہا صابرؔ
اپنے لگتے ہیں اجنبی چہرے
سیاست جب ضرورت ہو نیا رشتہ بناتی ہے (غزل)
سیاست جب ضرورت ہو نیا رشتہ بناتی ہے
کوئی کتنا مخالف ہو اسے اپنا بناتی ہے
شناسا خوف کی تصویر ہے اس کی بیاضوں میں
مری بیٹی حسیں پنجرے میں اک چڑیا بناتی ہے
تخیل حرف میں ڈھل کر ابھر آتا ہے کاغذ پر
سراپا سوچتا ہوں میں غزل چہرہ بناتی ہے
کسی پر مہرباں ہوتی ہے جب بھی دولت دنیا
اسے صاحب اسے قبلہ اسے کیا کیا بناتی ہے
حقیقی شاعری داد سخن سے بھی ہوئی محروم
بلا سر پیر والی شاعری پیسہ بناتی ہے
گوارا کب ہے ممتا کو مرا یوں دھوپ میں چلنا
مری ماں اوڑھنی پھیلا کے اک چھاتا بناتی ہے
یہ اچھائی میں بھی صابرؔ برائی ڈھونڈ لیتی ہے
یہ دنیا ہے الف پر بھی کبھی شوشہ بناتی ہے