صابر کمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے کشکول میں وہ شمس و قمر رکھتے ہیں (غزل)
اپنے کشکول میں وہ شمس و قمر رکھتے ہیں
جو قلندر ہیں زمانے کی خبر رکھتے ہیں
منزلیں ان ہی کے ہم راہ چلا کرتی ہیں
اپنے سینے میں جو اللہ کا ڈر رکھتے ہیں
نصرتیں ان کے قدم چومتی رہتی ہیں سدا
ہے جو دیوانے کہاں رخت سفر رکھتے ہیں
عزم کے بوتے پہ اڑتے ہیں بلندی کی طرف
پر نہیں قوت پرواز مگر رکھتے ہیں
ہم نے اجداد سے ورثے میں یہ پایا ہے ہنر
ہم سمندر کے تماشوں پہ نظر رکھتے ہیں
باندھ لیتے ہیں بموں کو بھی شکم سے اپنے
دل ہے فولاد کے لوہے کا جگر رکھتے ہیں
ان شریفوں کو تو بزدل نہ سمجھنا صابرؔ
ٹینک اور توپ چلانے کا ہنر رکھتے ہیں
آئنہ ہم سر بازار جو لے کر نکلے (غزل)
آئنہ ہم سر بازار جو لے کر نکلے
جانے کیا بات تھی ہر سمت سے پتھر نکلے
باطل وقت کے جب بھی کبھی لشکر نکلے
حق پرستی کا علم لے کے بہتر نکلے
کٹ گئی عمر غریبی کے بھنور میں لیکن
اس کی جھولی سے کئی قیمتی زیور نکلے
بغض و نفرت کی ہوا چلنے لگی ہے ہر سو
آدمی گھر سے ذرا سوچ سمجھ کر نکلے
جن کے کردار پہ دنیا نے اٹھائی انگلی
مہر و اخلاص کے وہ لوگ سمندر نکلے
حال دل اپنا سنائیں بھی تو کس سے صابرؔ
موم سمجھا تھا جنہیں دل کے وہ پتھر نکلے