پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر گوالیاری کی غزلیں — Sabir Gwaliory Ghazals

صابر گوالیاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاں تیرا میرا فاصلہ اتنا ضرور تھا (غزل)

ہاں تیرا میرا فاصلہ اتنا ضرور تھا

دل کے قریب ہو کے نگاہوں سے دور تھا

سچ بولنے کی کس میں ہے ہمت جو سچ کہے

سب جانتے ہیں آدمی وہ بے قصور تھا

اس نے گرا دیا تھا مگر میں سنبھل گیا

دیوانگی میں بھی مجھے کتنا شعور تھا

میں اپنے گھر میں آتے ہی ٹکڑوں میں بٹ گیا

کتنا تھکا ہوا تھا بدن چور چور تھا

کیا پوچھتے ہو حال دل ناتواں کا اب

اک ذرہ اس کی چشم عنایت سے طور تھا

منظر تو آفتاب سے پہلے بھی تھا حسیں

کاسے میں صبح کے مری راتوں کا نور تھا

صابرؔ یہ کس کا رات کو دیدار ہو گیا

ٹوٹا جو خواب مجھ میں عجب ہی سرور تھا

سنا ہے کوئی تو دروازہ آسمان میں ہے (غزل)

سنا ہے کوئی تو دروازہ آسمان میں ہے

مرے خیال کا پنچھی بھی کس اڑان میں ہے

تجھے تو اے دل ناداں ذرا شعور نہیں

وہ تجھ کو یاد کرے گا تو کس گمان میں ہے

بھٹک رہا ہوں میں بھونرے کی طرح باغوں میں

میری بہار مرے گھر کے پھول دان میں ہے

علاوہ اس کے مجھے کچھ سنائی دیتا نہیں

بھری ہوئی کوئی آواز میرے کان میں ہے

چلا سکا نہ کسی بے زبان پر اس کو

جو ایک تیر ابھی تک مری کمان میں ہے

ہے جس زبان کا چرچا تمام عالم میں

مری غزل بھی تو صابرؔ اسی زبان میں ہے

مزید غزلیں از صابر گوالیاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں