پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر نصیر آبادی کی غزلیں — Sabir Naseerabadi Ghazals

صابر نصیر آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو زندگی میں کسی کے بھی کام آ نہ سکے (غزل)

جو زندگی میں کسی کے بھی کام آ نہ سکے

وہ زندگی میں کبھی زندگی کو پا نہ سکے

یہ کس مقام پہ قسمت نے لا کے چھوڑ دیا

جہاں خوشی میں بھی ہم لوگ مسکرا نہ سکے

وہ کیا مٹائے گا ظلمت کدوں کی تاریکی

جو اک چراغ بھی گھر کے لیے جلا نہ سکے

وہ کیا اٹھائے گا اوروں کا بوجھ راہوں میں

جو اپنے آپ کا بار گراں اٹھا نہ سکے

جنون شوق نے پہنچا دیا کچھ ایسی جگہ

حواس و ہوش جہاں میرے ساتھ آ نہ سکے

تلاش منزل ہستی میں کھو گئے صابرؔ

ملے گی کیا انہیں منزل جو خود کو پا نہ سکے

اپنوں نے دئے دھوکے غیروں نے ستایا بھی (غزل)

اپنوں نے دئے دھوکے غیروں نے ستایا بھی

اس پر بھی غزلخواں ہیں کیا دل ہے ہمارا بھی

شہروں کے مکانوں میں ہوتا رہا ایسا بھی

بے گھر کو پنہ دے کر گھر والوں نے لوٹا بھی

خود آگ لگاتے ہیں اپنے ہی مکانوں میں

دیکھا ہے فسادوں میں ہم نے یہ تماشا بھی

جس پیڑ کے سائے میں ملتا تھا سکوں سب کو

اس پیڑ کو لوگوں نے کاٹا بھی جلایا بھی

کوئی بھی نہیں پہنچا سب محو تماشا تھے

اس ڈوبنے والے نے مانگا تھا سہارا بھی

حسرت بھری آنکھوں سے دیکھو نہ مری جانب

بجھتی ہوئی چنگاری بن جاتی ہے شعلہ بھی

ہے ان کو بھلا دینا دشوار بہت صابرؔ

وہ ہم کو بھلا بیٹھیں ممکن نہیں ایسا بھی

مزید غزلیں از صابر نصیر آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں