صابر دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس زندگی سے ایک لڑائی لڑا ہوں میں (غزل)
اس زندگی سے ایک لڑائی لڑا ہوں میں
تب جا کے اس مقام پہ آ کر کھڑا ہوں میں
میری انا سے مجھ کو اجازت نہیں ملی
اور وہ سمجھ رہے ہیں کہ ضد پر اڑا ہوں میں
قد کا نہیں بڑا پہ جسارت تو دیکھیے
کتنے بڑے بڑوں کے برابر کھڑا ہوں میں
اب ذمہ داریوں کی سزا جھیلنی پڑے
میرا قصور یہ ہے کہ گھر میں بڑا ہوں میں
اپنے پدر کے حکم کی تعمیل نہ کروں
ہوں میں بڑا مگر کہاں اتنا بڑا ہوں میں
ہیں آپ جوہری تو پرکھنا ہے آپ کو
اپنے ہر ایک شعر میں موتی جڑا ہوں میں
دنیا ضروریات کو پورا بھی کر چکی
اپنی ضروریات کے پیچھے پڑا ہوں میں
سرکشی جب بھی قلمکار میں آ جاتی ہے (غزل)
سرکشی جب بھی قلمکار میں آ جاتی ہے
اک مصیبت لئے سرکار میں آ جاتی ہے
جب بغاوت پہ بھی انعام دیے جاتے ہیں
سر جھکائے ہوئے دربار میں آ جاتی ہے
سرخ روئی و بلندی بھی عطا ہوتی ہے
جب شریعت کسی کردار میں آ جاتی ہے
تیری الفت کی قسم ایک ترے آنے سے
زندگی لوٹ کے بیمار میں آ جاتی ہے
شاعری نیند اڑاتی ہے سخن سازوں کی
اور پھر عادت و اطوار میں آ جاتی ہے
جذبۂ عشق ابھرتا ہے زلیخاؤں میں
جستجو مصر کے بازار میں آ جاتی ہے
یہ حکومت کے بکھرنے کا سبب ہے دانشؔ
بے حسی جب کسی سرکار میں آ جاتی ہے