پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر چودھری کی غزلیں — Sabir Chaudhri Ghazals

صابر چودھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات سیدھی بھی ہو تکرار بنا لیتا ہوں (غزل)

بات سیدھی بھی ہو تکرار بنا لیتا ہوں

میں محبت کو بھی اسرار بنا لیتا ہوں

پہلے پہلے تو میں اپنا تھا مگر اب خود کو

جیسی محفل ہو اداکار بنا لیتا ہوں

گھیر رکھا ہے کئی دن سے حسیں یادوں نے

ایک تصویر کئی بار بنا لیتا ہوں

دور تک کوئی مرے ساتھ نہیں چل سکتا

سو بچھڑنا بھی طرح دار بنا لیتا ہوں

میں ہواؤں پہ قناعت نہیں کرنے والا

میں تو ہاتھوں کو بھی پتوار بنا لیتا ہوں

کچھ تعلق ہے خد و خال کی صورت صابرؔ

کچھ تعلق کہ میں بے کار بنا لیتا ہوں

بدن سے لڑتے ہوئے ضد پہ ڈٹ گیا اک دن (غزل)

بدن سے لڑتے ہوئے ضد پہ ڈٹ گیا اک دن

جو ایک درد تھا آخر کو گھٹ گیا اک دن

ہمارے چہرے کو چھوڑو یہ ایسا دکھتا ہے

غبار وقت سے گر دل بھی اٹ گیا اک دن

مزاج کوئی بھی رہتا نہیں ہے دیر تلک

جو مجھ سے دور کھڑا تھا لپٹ گیا اک دن

وہ آبلہ مری رفتار جو بڑھاتا تھا

مسافتوں میں کہیں پر وہ پھٹ گیا اک دن

فقیہ شہر جسے اختلاف تھا تجھ سے

سدھر گیا کہ وہ رستے سے ہٹ گیا اک دن

زوال آتا ہے صحرا پہ آج دیکھ لیا

جو مجھ میں پھیلا ہوا تھا سمٹ گیا اک دن

مجھے گماں تھا کہ میرا ہے صرف میرا ہے

وہ ایک دریا تھا رستوں میں بٹ گیا اک دن

کنارے تھا تو مسلسل اداس تھا صابرؔ

سمندروں کو سفینہ پلٹ گیا اک دن

مزید غزلیں از صابر چودھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں