صابر براری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شہر میں تیرے مرا کوئی شناسا بھی نہیں (غزل)
شہر میں تیرے مرا کوئی شناسا بھی نہیں
کون ہوں میں یہ کسی شخص نے پوچھا بھی نہیں
حسن مغرور کو آنکھوں میں بسایا بھی نہیں
حرص کا زہر مری روح میں اترا بھی نہیں
اس کی یادوں سے منور ہوئی دل کی دنیا
چاند ایسا جو ابھی ابر سے نکلا بھی نہیں
اپنی مرضی سے قفس ہم نے چنا تھا صیاد
اس لئے تیرے ستم کا ہمیں شکوہ بھی نہیں
دور دورہ ہے یہاں جور و جفا کا لیکن
دوستو اہل وفا شہر میں عنقا بھی نہیں
گلستاں کیسے تجھے سونپ دیں اے دشمن گل
اس میں شامل تو ترے خون کا قطرہ بھی نہیں
ناخدا غیر کی کشتی کا تجھے کیوں غم ہے
دور گرداب سے کچھ تیرا سفینہ بھی نہیں
پارسا گو کہ نہیں صابرؔ خستہ لیکن
آپ جیسا اسے سمجھے ہیں تو ویسا بھی نہیں
وہ نظر جب ادھر نہیں ہوتی (غزل)
وہ نظر جب ادھر نہیں ہوتی
روشنی میرے گھر نہیں ہوتی
ہر بیاں مستند نہیں ہوتا
ہر زباں معتبر نہیں ہوتی
عشق کی راہ میں کسی کی نظر
اپنے انجام پر نہیں ہوتی
تھک کے ہر گام بیٹھنے والو
زندگی یوں بسر نہیں ہوتی
جس دعا میں تڑپ نہ ہو دل کی
وہ رہین اثر نہیں ہوتی
عشق میں جاں سے ہاتھ دھوتے ہیں
یہ مہم یوں ہی سر نہیں ہوتی
جو سحر حاصل شب غم ہے
وہ سحر عمر بھر نہیں ہوتی
درد دل یوں عزیز ہے صابرؔ
منت چارہ گر نہیں ہوتی