پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر دہلوی کی غزلیں — Sabir Dehlavi Ghazals

صابر دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرا منہ گردش ایام کہاں تک دیکھوں (غزل)

تیرا منہ گردش ایام کہاں تک دیکھوں

یہ بھیانک سحر و شام کہاں تک دیکھوں

جذبۂ عشق کو ناکام کہاں تک دیکھوں

ستم گردش ایام کہاں تک دیکھوں

عشق کا شیوۂ خود کام کہاں تک دیکھوں

یہ طلسم سحر و شام کہاں تک دیکھوں

حسن کو لرزہ بر اندام کہاں تک دیکھوں

عشق و یکسانیت عام کہاں تک دیکھوں

او جفا کیش جفاؤں سے حذر لازم ہے

تجھ کو یوں مورد الزام کہاں تک دیکھوں

حرف آتا ہے تری شان کرم پر ساقی

اپنے ہاتھوں کو تہی جام کہاں تک دیکھوں

بے نیازی پہ تجھے ناز بجا ہے لیکن

لب پہ آئے نہ مرا نام کہاں تک دیکھوں

ایک جرعہ تو مجھے بھی ترے مے خانے کی

دور سے دور مے و جام کہاں تک دیکھوں

اب نہ وہ دل ہے نہ وہ دل کی امنگیں باقی

اور اب عشق کا انجام کہاں تک دیکھوں

بے رخی آپ کی میرے دل مجبور کا صبر

کون آتا ہے مرے کام کہاں تک دیکھوں

صید تو صید ہے صیاد بھی پھنس جاتا ہے

تو نہ آئے گا تہ دام کہاں تک دیکھوں

ایک ہی در پہ تری عمر کٹی اے صابرؔ

یوں مجھے بندۂ بے دام کہاں تک دیکھوں

عشق کی بربادیوں کا اک یہی حاصل سہی (غزل)

عشق کی بربادیوں کا اک یہی حاصل سہی

تو نہیں اپنا تو تیرا غم شریک دل سہی

زندگی کو زندگی کی کچھ خوشی حاصل سہی

درد محرومی سہی یا سوز درد دل سہی

تو اگر ممکن نہیں تو غم بھی تیرا کم نہیں

ایک شے حاصل سہی اور ایک بے حاصل سہی

سامنے ان کے مگر پھر بھی نکل آتے ہیں اشک

کتنے ہی پردوں میں پنہاں راز سوز دل سہی

خیر ہو یا رب مرے عزم و یقیں کی خیر ہو

لاکھ احساس فریب دوریٔ منزل سہی

جستجو نے دوست آخر جستجوئے دوست ہے

رہرو راہ طلب گم کردۂ منزل سہی

اس کی ایک اک آن پر صابرؔ کے جان و دل نثار

اصطلاح عام میں مشہور وہ قاتل سہی

مزید غزلیں از صابر دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں