صابر امانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مطمئن ہوں کہ مجھے چھوڑ کے اتنا خوش ہے (غزل)
مطمئن ہوں کہ مجھے چھوڑ کے اتنا خوش ہے
وہ جسے دیکھ کے لگتا ہے کہ بچہ خوش ہے
کتنا خوش ہے وہ محبت سے رہائی پا کر
جب سے روٹھا ہے ضرورت سے زیادہ خوش ہے
میں نہ ہوتا تو اسے نیند نہیں آتی تھی
میں تو حیران ہوں وہ شخص اکیلا خوش ہے
ایسی حالت ہے ترے ہجر میں دیوانے کی
وہ تماشہ ہے کہ ہر دیکھنے والا خوش ہے
مجھ سے بیزار سے شکوہ نہیں کرنا جائز
مجھ سا خوش ہو بھی تو لگتا ہے ادھورا خوش ہے
دوستا میں بھی کبھی مست ہوا کرتا تھا
سب مجھے دیکھ کے کہتے تھے کہ لڑکا خوش ہے
تو بتا دوست کہ فن کار کو کیا کہتا میں
جس نے مرضی سے بنا کے مجھے پوچھا خوش ہے
یہ قفس کھول دو اور سامنے سے ہٹ جاؤ
بیٹھ جائے تو سمجھ لو کہ پرندہ خوش ہے
جہاں مراد ہے تو اس طرف اشارہ کر (غزل)
جہاں مراد ہے تو اس طرف اشارہ کر
ترے نصیب کے طعنے مجھے نہ مارا کر
کبھی تو بیٹھ کے یاروں کے ساتھ چائے پی
کبھی تو بیٹھ کے فرصت سے دن گزارا کر
اے خوش مزاج بہت سا خیال رکھ اپنا
اے پر جمال تو اپنی نظر اتارا کر
یہی نصیب ہے تقسیم اسی کو کہتے ہیں
کسی کی مان لے چادر میں رہ گزارا کر
مرا یقین کرے چھوڑ دے تجھے تنہا
تری تو مانتا ہے چاند کو اشارہ کر