صابر آفاقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی ظالم کی جیتے جی ثنا خوانی نہیں ہوگی (غزل)
کسی ظالم کی جیتے جی ثنا خوانی نہیں ہوگی
کہ دانا ہو کے مجھ سے ایسی نادانی نہیں ہوگی
دل آباد کا سا کوئی شہر آباد کیا ہوگا
دل ویران کی سی کوئی ویرانی کہاں ہوگی
عدو سے کیا گلہ کرنا کہ وہ معذور لگتا ہے
ہماری قدر و قیمت اس نے پہچانی نہیں ہوگی
نجومی میں نہیں لیکن یہ اندازے سے کہتا ہوں
محبت تو رہے گی پر یہ ارزانی نہیں ہوگی
علاج اصل ہے اک آزمودہ نسخہ دنیا میں
پریشاں تم رہو گے تو پریشانی نہیں ہوگی
کھلا دروازہ رکھ چھوڑا ہے جب جی چاہے آ جانا
اجی اب ہم سے اپنے گھر کی دربانی نہیں ہوگی
نہ تم آئے تو صابرؔ کیا مزہ آئے گا محفل میں
غزل خوانی تو ہوگی پر گل افشانی نہیں ہوگی
جو بوئے زندگی مجھے کرن کرن سے آئی ہے (غزل)
جو بوئے زندگی مجھے کرن کرن سے آئی ہے
حقیقتاً وہ آپ ہی کے پیرہن سے آئی ہے
ہمارے جسم و روح کو سرور دے گئی وہی
نسیم خوش گوار جو ترے بدن سے آئی ہے
یہ کون شخص مر گیا یہ کس کا ہے کفن کہو؟
کہ زندگی کی بو مجھے اسی کفن سے آئی ہے
طریقت نبرد میں ہمارا سلسلہ ہے اور!
یہ خود کشی کی رسم بد تو کوہ کن سے آئی ہے
کلی تو پھر کلی ہوئی مہک اٹھے ہیں خار بھی
میں جانتا ہوں یہ نسیم کس چمن سے آئی ہے
کھلے رکھے ہیں میں نے سارے رنگ و بو کے راستے
مرے چمن کی یہ پھبن چمن چمن سے آئی ہے
میں صابرؔ سخن طراز کیوں کسی کو دوش دوں
کہ میرے سر پہ ہر بلا مرے سخن سے آئی ہے