صابر ادیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھے تلاش ہے جس کی گزر گیا کب کا (غزل)
تجھے تلاش ہے جس کی گزر گیا کب کا
مرے وجود میں وہ شخص مر گیا کب کا
جو مجھ میں رہ کے مجھے آئینہ دکھاتا تھا
مرے بدن سے وہ چہرہ اتر گیا کب کا
طلسم ٹوٹ گیا شب کا میں بھی گھر کو چلوں
رکا تھا جس کے لیے وہ بھی گھر گیا کب کا
تجھے جو فیصلہ دینا ہے دے بھی مصنف وقت
وہ مجھ پہ سارے ہی الزام دھر گیا کب کا
نہ جانے کون سا پل ٹوٹ کر بکھر جائے
ہمارے صبر کا کشکول بھر گیا کب کا
کیا پتہ کیا تھا ادھر اور کیا نہ تھا (غزل)
کیا پتہ کیا تھا ادھر اور کیا نہ تھا
قد مرا دیوار سے اونچا نہ تھا
ذہن مردہ جسم بے حس بے لباس
میں نے وہ دیکھا ہے جو دیکھا نہ تھا
بھاگتا پھرتا ہوں اپنے آپ سے
ایسا بھی ہوگا کبھی سوچا نہ تھا
ملگجے بگڑے سے چہرے ہر طرف
زندگی پہلے تجھے دیکھا نہ تھا
مسئلے کچھ لکھ گیا دیوار پر
ایک دیوانہ جو دیوانہ نہ تھا
اس کی لاکھوں میں یہی پہچان تھی
قبر پر اس کی کوئی کتبہ نہ تھا
جس نے جو مانگا اسے وہ دے دیا
اے خدا کیا میں ترا بندہ نہ تھا