پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صبیح الدین شعیبی کی غزلیں — Sabihuddin Shoaiby Ghazals

صبیح الدین شعیبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسلسل مجھ پہ یہ تیری عنایت مار ڈالے گی (غزل)

مسلسل مجھ پہ یہ تیری عنایت مار ڈالے گی

کبھی فرقت کبھی اس درجہ قربت مار ڈالے گی

غریب شہر کا کیا اس کو غربت مار ڈالے گی

امیر شہر کو دولت کی چاہت مار ڈالے گی

سڑک پر پایا جائے گا کسی دن میرا بھی لاشہ

مجھے سچ بولتے رہنے کی عادت مار ڈالے گی

یہ تیری دستگیری ایک دن لے ڈوبے گی مجھ کو

مری ہر بات پر تیری حمایت مار ڈالے گی

اگر چاہت کی شدت دن بہ دن بڑھتی رہی یوں ہی

صبیحؔ نیم جاں تجھ کو محبت مار ڈالے گی

گرنے والی ہے بہت جلد یہ سرکار حضور (غزل)

گرنے والی ہے بہت جلد یہ سرکار حضور

ہاں نظر آتے ہیں ایسے ہی کچھ آثار حضور

کارواں یوں ہی بھٹکتا رہے ہر بار حضور

نیک نیت نہ ہوں گر قافلۂ سالار حضور

وہ جو از خود ہی بنے بیٹھے ہیں سردار حضور

وقت اک دن انہیں لائے گا سر دار حضور

خود کو دیتے ہیں وہ دھوکا یوں ہی بیکار حضور

جو خطاؤں کا نہیں کرتے ہیں اقرار حضور

سامنے آ کے رہے سچ سر بازار حضور

کوئی کتنا ہی کرے جھوٹ کا پرچار حضور

گر کبھی کوئی لمحہ ایسا زخم دے جائے (نظم)

گر کبھی کوئی لمحہ ایسا زخم دے جائے

کہ کوئی بھی مرہم اس زخم کو نہ بھر پائے

تم اداس مت ہونا

محو یاس مت ہونا

زندگی کے سب موسم ایک سے نہیں ہوتے

سارے لوگ اے ہمدم ایک سے نہیں ہوتے

زندگی کی راہوں میں حادثے بھی آتے ہیں

سانحے بھی آتے ہیں

سانحوں سے کچھ بڑھ کر واقعے بھی آتے ہیں

وقت ہی کے مرہم سے زخم بھر بھی جاتے ہیں

دن برے ہوں یا اچھے بس گزر ہی جاتے ہیں

وقت کو گزرنا ہے

زخم کو بھی بھرنا ہے

درد کے چڑھے دریا

کو ابھی اترنا ہے

مزید غزلیں از صبیح الدین شعیبی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں