پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صبیحہ سنبل کی غزلیں — Sabiha Sumbul Ghazals

صبیحہ سنبل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزرے ہیں ہم پہ ایسے بھی لمحے کبھی کبھی (غزل)

گزرے ہیں ہم پہ ایسے بھی لمحے کبھی کبھی

دل رو پڑا ہے سن کے لطیفے کبھی کبھی

صحرا سے تشنگی کا سبب پوچھتے ہو کیا

دریا بھی ہم نے دیکھے ہیں پیاسے کبھی کبھی

گم کردہ راہ زیست سہی اس کے باوجود

پوچھے ہیں ہم سے خضر نے رستے کبھی کبھی

اے نا خدائے وقت نہ اتنا غرور کر

ڈوبے ہیں ساحلوں پہ سفینے کبھی کبھی

ہر دل کو آپ آئنہ خانہ نہ جانیے

پتھر سے سخت ہوتے ہیں شیشے کبھی کبھی

سنبلؔ ہوا ہے یہ بھی کہ غزلوں کے روپ میں

نازل ہوئے ہیں ہم پہ صحیفے کبھی کبھی

مری زندگی کی کتاب کا ہے ہر اک ورق یوں سجا ہوا (غزل)

مری زندگی کی کتاب کا ہے ہر اک ورق یوں سجا ہوا

کہیں آنسوؤں سے لکھا ہوا کہیں شوخیوں سے بھرا ہوا

مری آرزؤں کی تتلیاں یہ مسل کے کون چلا گیا

مری جنتیں کہاں گم ہوئیں مرے خواب زاروں کا کیا ہوا

وہی رنگ و نور کی بارشیں وہی پھول ہیں وہی خوشبوئیں

مرے ہم سفیر کہاں گئے مرے ہم جلیسوں کا کیا ہوا

کہیں گم نہ ہو یہ رسوم میں کہیں کھو نہ جائے ہجوم میں

یہ مری جبین نیاز پر جو ہے ایک سجدہ سجا ہوا

تری قربتیں تری چاہتیں سبھی نفرتوں میں بدل گئیں

میں تو ابتدا سے تھی بے وفا وہ تری وفاؤں کا کیا ہوا

مجھے گدگداتا ہے آج بھی ترے غور‌ و فکر کا سلسلہ

وہ شریر آنکھیں جھکی جھکی وہ قلم لبوں میں دبا ہوا

کوئی روشنی کی رمق نہیں نہ کوئی دھوئیں کا نشان ہے

یہ دیا بھی سنبلؔ عجیب ہے نہ جلا ہوا نہ بجھا ہوا

مزید غزلیں از صبیحہ سنبل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں