صبیحہ صدف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہاں کہاں تجھے ڈھونڈوں کہاں کہاں دیکھوں (غزل)
کہاں کہاں تجھے ڈھونڈوں کہاں کہاں دیکھوں
دکھائی کیوں نہیں دیتا ہے میں جہاں دیکھوں
فضا میں پھیل رہا ہے اب انتشار بہت
نہ جانے کتنے ہی چہرے دھواں دھواں دیکھوں
کسی کے سامنے ظاہر نہ ہوں مرے حالات
خدایا تجھ کو فقط فقط اپنا رازداں دیکھوں
زمیں پہ پھر کہیں وحشت نے سر ابھارا ہے
لہو کے رنگ میں پھر آج آسماں دیکھوں
یہ آرزو کہ میرے عشق کو ملے معراج
نماز عشق پڑھوں ہجر بے کراں دیکھوں
بہار آئے گی دل کو ہے اب یقین مرے
خیال و خواب میں پھولوں کے کارواں دیکھوں
بنی ہے دل میں مگر رخ سے بات ہے ظاہر
صدفؔ کے چہرے کو میں دل کا آئنہ دیکھوں
ادھوری سی کہانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے (غزل)
ادھوری سی کہانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے
ہماری زندگانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے
ہمارے درمیاں کا فاصلہ کم ہو بھی سکتا تھا
ذرا سی بد گمانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے
محبت پھول بھی خوشبو بھی شعلہ بھی ہے شبنم بھی
اسی طرز بیانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے
نگاہوں سے نگاہوں پر عیاں ہر راز تھا لیکن
نظر کی ترجمانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے
صدفؔ آئیں بہاریں پھر پیام رنگ و بو لے کر
مگر اس رت سہانی کو نہ تم سمجھے نہ ہم سمجھے