پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر کی غزلیں — Sabir Ghazals

صابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مختصر ہی سہی میسر ہے (غزل)

مختصر ہی سہی میسر ہے

جو بھی کچھ ہے نہیں سے بہتر ہے

دن دہاڑے گناہ کرتا ہوں

معتبر ہو نہ جاؤں یہ ڈر ہے

منچ پر کامیاب ہو کہ نہ ہو

مجھ کو کردار اپنا ازبر ہے

سب کو پتھرا دیا پلک جھپکے

ہم نہ کہتے تھے شعبدہ گر ہے

عین ممکن ہے وہ پلٹ آئے

میرا ایمان معجزوں پر ہے

پہلے موسم پہ تبصرہ کرنا

پھر وہ کہنا جو دل کے اندر ہے

سارے منظر حسین لگتے ہیں

دوریاں کم نہ ہوں تو بہتر ہے

راستے بین کر رہے ہیں کیوں

کیا مسافت یہ انتہا پر ہے

فصل بوئی بھی ہم نے کاٹی بھی

اب نہ کہنا زمین بنجر ہے

خوبیوں کو مسخ کر کے عیب جیسا کر دیا (غزل)

خوبیوں کو مسخ کر کے عیب جیسا کر دیا

ہم نے یوں عیبوں کی آبادی کو دونا کر دیا

طے تو یہ تھا ہر بدی کی انتہا تک جائیں گے

بے خیالی میں یہ کیسا کام اچھا کر دیا

مجھ سے کل محفل میں اس نے مسکرا کر بات کی

وہ مرا ہو ہی نہیں سکتا یہ پکا کر دیا

چلچلاتی دھوپ تھی لیکن تھا سایہ ہم قدم

سائباں کی چھاؤں نے مجھ کو اکیلا کر دیا

میں بھی اب کچھ کچھ سمجھنے لگ گیا ہوں اے طبیب

درد نے سینے میں اٹھ کر کیا اشارہ کر دیا

مزید غزلیں از صابر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں