صبیحہ نسرین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات ساقی کی نہ ٹالی جائے گی (غزل)
بات ساقی کی نہ ٹالی جائے گی
یہ غزل سانچے میں ڈھالی جائے گی
کر کے توبہ آئے دل کو جب قرار
مہر شیشہ توڑ ڈالی جائے گی
جب نقاب رخ ہٹا لی جائے گی
صبح ہوگی رات کالی جائے گی
کہکشاں ہے رفعتوں میں واژگوں
اس طرف کیوں طبع عالی جائے گی
پان کھاتے ہیں تو وہ کرتے ہیں قتل
کب بھلا ہونٹوں سے لالی جائے گی
باغباں آمادۂ پیکار ہے
یہ سبد گلچیں کی خالی جائے گی
دستک ناموس کا ہے یہ شعور
در پہ دلبر کے نہ ٹالی جائے گی
میہماں عالی طبیعت ہے بہت
خوان میں سونے کی تھالی جائے گی
غم نہ کر نسریںؔ تری کشتی ضرور
شوخ موجوں سے نکالی جائے گی
چمن میں سیر کی خاطر جو گل عزار آئے (غزل)
چمن میں سیر کی خاطر جو گل عزار آئے
خراج حسن ادا کرنے برگ و بار آئے
حریم ناز کی معجز نمائیوں کے رموز
اگر کہیں تو کسی کو نہ اعتبار آئے
سرور طور کے جلوے سے ہے جنہیں حاصل
وہ سجدہ گاہ محبت میں بے قرار آئے
جو حرف و صوت کی بندش نہ کر سکے انگیز
خیال عارض و گیسو میں اشک بار آئے
گل سبد ہے یہ نسریںؔ کا شعر چن لیجئے
ہمارے طرز سخن سے کبھی نہ عار آئے