پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صبیحہ صبا کی غزلیں — Sabiha Saba Ghazals

صبیحہ صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بظاہر رونقوں میں بزم آرائی میں جیتے ہیں (غزل)

بظاہر رونقوں میں بزم آرائی میں جیتے ہیں

حقیقت ہے کہ ہم تنہا ہیں تنہائی میں جیتے ہیں

سجا کر چار سو رنگیں محل تیرے خیالوں کے

تری یادوں کی رعنائی میں زیبائی میں جیتے ہیں

خوشا ہم امتحان دشت گردی کے نتیجے میں

بصد اعجاز مشق آبلہ پائی میں جیتے ہیں

ستم گاروں نے آئین وفا منسوخ کر ڈالا

مگر کچھ لوگ ابھی امید اجرائی میں جیتے ہیں

نہیں جانے ہے وہ حرف ستائش برملا کہنا (غزل)

نہیں جانے ہے وہ حرف ستائش برملا کہنا

مگر نظروں ہی نظروں میں وہ اس کا واہ وا کہنا

سر محفل کرے رسوا مرا بے ساختہ کہنا

مرے فن کار یہ نازک خیالی واہ کیا کہنا

مرے ناراض شانوں کو تھپک کر بارہا کہنا

چلو چھوڑو گلے شکوے کبھی مانو مرا کہنا

کوئی مصروفیت ہوگی وگرنہ مصلحت ہوگی

نہ اس پیماں فراموشی سے اس کو بے وفا کہنا

وفا تو خیر کیا ہوتی چلو یہ بھی غنیمت ہے

مری بے بستگی کو خود رقیبوں کو برا کہنا

مزید غزلیں از صبیحہ صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں