صبیحہ خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے سبب ہم سے وہ بیزار نظر آتے ہیں (غزل)
بے سبب ہم سے وہ بیزار نظر آتے ہیں
دکھ کے ہر چار سو انبار نظر آتے ہیں
کل تلک جن کو تھی ہم سے نسبت ہمدم
آج غیروں کے طلب گار نظر آتے ہیں
جب بھی تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھوں
عظمت رفتہ کے مینار نظر آتے ہیں
کس کو فرصت ہے یہاں دوسروں کے غم بانٹے
لوگ خوشیوں کے خریدار نظر آتے ہیں
گرد میں کارواں کی آج مجھے مبہم سے
دور منزل کے کچھ آثار نظر آتے ہیں
خیر کی جن سے کسی کو نہ تھی کوئی امید
وہ بھی اب مائل ایثار نظر آتے ہیں
آخرش گزری صبیحہؔ یہ اندھیری شب بھی
خیر سے صبح کے آثار نظر آتے ہیں
خود کو اہل وفا سمجھتے ہیں (غزل)
خود کو اہل وفا سمجھتے ہیں
اوروں کو بے وفا سمجھتے ہیں
پار کشتی لگا کے دکھلائیں
خود کو گر ناخدا سمجھتے ہیں
خامیاں دوسروں کی گنوائیں
خود کو جو پارسا سمجھتے ہیں
کہہ بھی ڈالیں زبان سے اپنی
جو برا یا بھلا سمجھتے ہیں
اک نئی زندگی ہے بعد از مرگ
لوگ اسے انتہا سمجھتے ہیں
حرص و طمع کی دوڑ جاری ہے
سب اسی میں بقا سمجھتے ہیں
کس طرح جان لوں صبیحہؔ کو
اپنے دل میں وہ کیا سمجھتے ہیں