پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سارک خان سارک کی غزلیں — Saarik Khan Saarik Ghazals

سارک خان سارک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں ہارا ہوا ہوں کامرانی کچھ نہیں (غزل)

عشق میں ہارا ہوا ہوں کامرانی کچھ نہیں

میرے حصہ میں صنم کی مہربانی کچھ نہیں

چھوڑ کر تتلی گئی ہے جب سے دل کے باغ کو

دل میں بس ویرانیاں ہیں رت سہانی کچھ نہیں

کشتی سے بچھڑا جو دریا اب تلک صدمے میں ہے

جم گئی ہے برف اس میں اور روانی کچھ نہیں

آئنے کو حیرتیں ہیں حال میرا دیکھ کر

داغ چہرے پہ ہے میرے نوجوانی کچھ نہیں

خط جلائے میں نے سارے جو دئیے تھے یار نے

پاس میرے اس کی صاحب اب نشانی کچھ نہیں

خلوتوں کے سائے میں ہوں یار اک مدت سے میں

چار سو ہے بس اداسی شادمانی کچھ نہیں

ڈاکیا ہی تھے کبوتر پہلے موبائل نہ تھا

باتیں ساری خط سے کی تھیں منہ زبانی کچھ نہیں

بن ترے کیسے کہوں اب کس طرح بتلاؤں میں

سانس چلتی ہے فقط یہ زندگانی کچھ نہیں

مدتیں گزری ہیں سارقؔ یار کو دیکھے ہوئے

کیا کریں لب سے بیاں اب خوش بیانی کچھ نہیں

ہم آج خود کو تمہارا غلام کرتے ہیں (غزل)

ہم آج خود کو تمہارا غلام کرتے ہیں

ہر ایک سانس تمہارے ہی نام کرتے ہیں

سکھا گئی ہیں ادب ڈالیاں شجر کی ہمیں

لو ہم جبیں کو جھکا کر سلام کرتے ہیں

جنہیں ہے فکر یہاں پہ غریب لوگوں کی

وہ ہی غریبوں کا جینا حرام کرتے ہیں

سرائے میں نہ رکیں گے نہ کسی بستی میں

ہم عشق والے ہیں دل میں قیام کرتے ہیں

قفس کی قید سے اپنی رہائی کی ہر دم

گزارشیں یہ پرندے تمام کرتے ہیں

انہیں نے جیتی ہیں بازی بڑی بڑی سارقؔ

وہی جو کچھوے کے جیسے خرام کرتے ہیں

مزید غزلیں از سارک خان سارک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں