ثانی ارریاوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرے ترانے مرے ساز کا تعاقب ہے (غزل)
مرے ترانے مرے ساز کا تعاقب ہے
یہ نسل نو کی ہی آواز کا تعاقب ہے
پتہ نہیں تھا وہ آواز میری اپنی تھی
اور عرصے سے اسی آواز کا تعاقب ہے
فرشتے بھی مری تخلیق کے مخالف تھے
ہمیشہ سے مرے آغاز کا تعاقب ہے
مرے جنون مسلسل کی فکر مت کرنا
ابھی تری نگہ ناز کا تعاقب ہے
ابھی تو محضر ہو کی بھی جستجو نہ ہوئی
ابھی سے دیدۂ غماز کا تعاقب ہے
جو پاک دامن و عصیاں سرشت ہیں برہم
یہ حسن تفرقہ پرداز کا تعاقب ہے
ہے گفتگوئے من و تو کا اک تجسس بھی
کہیں اشارۂ ہم راز کا تعاقب ہے
پروں کو توڑتے جاتے ہیں جو سبھی طائر
اسی میں حسرت پرواز کا تعاقب ہے
نہ ہو سکی ہے کسی سے بھی ناز برداری
سنا ہے انجمن ناز کا تعاقب ہے
یوں پی رہا ہوں جیسے کوئی پیاس ہی نہیں (غزل)
یوں پی رہا ہوں جیسے کوئی پیاس ہی نہیں
ساغر ہمارے دل کو ذرا راس ہی نہیں
میں یوں ہی جی رہا ہوں تری کائنات میں
مجھ کو تو زندگی سے کوئی آس ہی نہیں
پیہم تلاش جاری ہے اس دل کی در بدر
یعنی کہ میرا دل ہے مرے پاس ہی نہیں
کیسے لبھے گا وہ بت نازک شب وصال
کیا ڈالیے کہ پاس کوئی گھاس ہی نہیں
حضرت کے پیچھے ہو کے بھی منزل نہیں ملی
کہ گمرہی کا خضر کو احساس ہی نہیں
راز خرد جنوں کی حکایات خوں چکاں
سب کچھ مری غزل میں ہے بکواس ہی نہیں
تمہارے حسن سے اس دل کو حد درجہ عقیدت ہے (نظم)
تمہارے حسن سے اس دل کو حد درجہ عقیدت ہے
اسی رسم تقدس میں یہ پیشانی مجھے دے دو
زمانے بھر کی رسوائی اٹھانا فرض ہے میرا
تم اپنی چاہتوں کی ہر پشیمانی مجھے دے دو
شکستہ ہو چکا ہوں اب بکھرنا چاہتا ہوں میں
تم اپنے گیسوؤں کی ہی پریشانی مجھے دے دو