صبا افغانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گلشن کی فقط پھولوں سے نہیں کانٹوں سے بھی زینت ہوتی ہے (غزل)
گلشن کی فقط پھولوں سے نہیں کانٹوں سے بھی زینت ہوتی ہے
جینے کے لئے اس دنیا میں غم کی بھی ضرورت ہوتی ہے
ہر شام و سحر قرباں جس پر دنیائے مسرت ہوتی ہے
وہ پیکر راحت کیا جانے کیسی شب فرقت ہوتی ہے
اے واعظ ناداں کرتا ہے تو ایک قیامت کا چرچا
یاں روز نگاہیں ملتی ہیں یاں روز قیامت ہوتی ہے
کرنا ہی پڑے گا ضبط الم پینے ہی پڑیں گے یہ آنسو
فریاد و فغاں سے اے ناداں توہین محبت ہوتی ہے
وہ پرسش غم کو آئے ہیں کچھ کہہ نہ سکوں چپ رہ نہ سکوں
خاموش رہوں تو مشکل ہے کہہ دوں تو شکایت ہوتی ہے
اے دوست جدائی میں تیری کچھ ایسے بھی لمحے آتے ہیں
سیجوں پہ بھی تڑپا کرتا ہوں کانٹوں پہ بھی راحت ہوتی ہے
جو آ کے رکے دامن پہ صباؔ وہ اشک نہیں ہے پانی ہے
جو اشک نہ چھلکے آنکھوں سے اس اشک کی قیمت ہوتی ہے
بھول جانا تھا تو پھر اپنا بنایا کیوں تھا (غزل)
بھول جانا تھا تو پھر اپنا بنایا کیوں تھا
تم نے الفت کا یقیں مجھ کو دلایا کیوں تھا
ایک بھٹکے ہوئے راہی کو سہارا دے کر
جھوٹی منزل کا نشاں تم نے دکھایا کیوں تھا
خود ہی طوفان اٹھانا تھا محبت میں اگر
ڈوبنے سے مری کشتی کو بچایا کیوں تھا
جس کی تعبیر اب اشکوں کے سوا کچھ بھی نہیں
خواب ایسا میری آنکھوں کو دکھایا کیوں تھا
اپنے انجام پہ اب کیوں ہو پشیمان صباؔ
ایک بے درد سے دل تم نے لگایا کیوں تھا