پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعد اللہ شاہ کی غزلیں — Saadullah Shah Ghazals

سعد اللہ شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ جمال کیا یہ جلال کیا یہ عروج کیا یہ زوال کیا (غزل)

یہ جمال کیا یہ جلال کیا یہ عروج کیا یہ زوال کیا

وہ جو پیڑ جڑ سے اکھڑ گیا اسے موسموں کا ملال کیا

وہ جو لمحہ لمحہ بکھر گیا وہ جو اپنی حد سے گزر گیا

اسے فکر شام و سحر ہو کیا اسے رنجش مہ و سال کیا

وہ جو بے نیاز سا ہو گیا وہ جو ایک راز سا ہو گیا

جسے کچھ غرض ہی نہیں رہی اسے دست حرف سوال کیا

ہوا ریزہ ریزہ جو دل ترا اسے جوڑ جوڑ کے مت دکھا

وہ جو اپنے حسن میں مست ہے اسے آئنے کا خیال کیا

وہی ہجر رات کی بات ہے وہی چاند تاروں کا ساتھ ہے

جو فراق سے ہوا آشنا اسے آرزوئے وصال کیا

کسی اور سے کریں کیوں گلہ ہمیں اپنے آپ سے دکھ ملا

وہ جو درد دل سے ہو آشنا اسے دنیا بھر کا وبال کیا

وہی گرد گرد غبار ہے وہی چاروں اور فشار ہے

وہ جو خود کو بھی نہیں جانتا وہ ہو میرا واقف حال کیا

اسے سعدؔ کیسا بتائیں ہم اسے کس سے جا کے ملائیں ہم

وہ تو خود سراپا مثال ہے یہ گلاب کیا یہ غزال کیا

تم نے کیسا یہ رابطہ رکھا (غزل)

تم نے کیسا یہ رابطہ رکھا

نہ ملے ہو نہ فاصلہ رکھا

نہیں چاہا کسی کو تیرے سوا

تو نے ہم کو بھی پارسا رکھا

پھول کھلتے ہی کھل گئیں آنکھیں

کس نے خوشبو میں سانحہ رکھا

تو نہ رسوا ہو اس لیے ہم نے

اپنی چاہت پہ دائرہ رکھا

جھوٹ بولا تو عمر بھر بولا

تم نے اس میں بھی ضابطہ رکھا

کوئی دیکھے یہ سادگی اپنی

پھول یادوں کا اک سجا رکھا

سعدؔ الجھا رہا مگر اس نے

تجھ سے ملنے کا راستہ رکھا

اداس موسم کے رتجگوں میں (نظم)

اداس موسم کے رتجگوں میں

ہر ایک لمحہ بکھر گیا تھا

ہر ایک رستہ بدل گیا تھا

پھر ایسے موسم میں کون آئے

کوئی تو جائے

ترے نگر کی مسافتوں کو سمیٹ لائے

تری گلی میں ہماری سوچیں بکھیر آئے

تجھے بتائے کہ کون کیسے

اچھالتا ہے وفا کے موتی

تمہاری جانب کوئی تو جائے

مری زباں میں تجھے بلائے تجھے منائے

ہماری حالت تجھے بتائے تجھے رلائے

تو اپنے دل کو بھی چین آئے

مزید غزلیں از سعد اللہ شاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں