پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعد اللہ خاں اثر ملکا پوری کی غزلیں — Saadullah Khan Asar Malkapur Ghazals

سعد اللہ خاں اثر ملکا پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پیڑ احساس کا جذبات کا پھل دیتا ہے (غزل)

پیڑ احساس کا جذبات کا پھل دیتا ہے

یہ شجر آج کا حاصل ہمیں کل دیتا ہے

حوصلہ کہتے ہیں اک راہ عمل دیتا ہے

حوصلہ مند تو تقدیر بدل دیتا ہے

سب کی یکساں ہی گزر جائے کہاں ہے ممکن

وہ تو نادان ہے جو مونچھ پہ بل دیتا ہے

سانپ فطرت میں فقط سانپ ہوا کرتا ہے

دودھ پی لیتا ہے اور زہر اگل دیتا ہے

اے اثرؔ کہتی ہے دنیا جسے انساں کا ضمیر

فیصلہ جب بھی یہ دیتا ہے اٹل دیتا ہے

میں نے تم کو کیا سمجھا ہے ایسا تم نے سوچا کیا (غزل)

میں نے تم کو کیا سمجھا ہے ایسا تم نے سوچا کیا

تم کیسے ہو تم کیا کیا ہو آئینہ بھی دیکھا کیا

مجھ سے بہتر ہوں گے لاکھوں میں لاکھوں میں بہتر ہوں

اس الجھن میں پڑنا بھی کیا اس الجھن میں رکھا کیا

مندر مسجد بننا گرنا سب مطلب کی باتیں ہیں

دونوں ہی اللہ کے گھر ہیں کون بتائے اچھا کیا

کب تک جھوٹی آس پہ جی کے دل کے پھپھولے پھوڑے گا

خودداری کو بیچنے والے آخر تیرا ہوگا کیا

ہم نے مانا بستی بستی آج اثرؔ کا چرچا ہے

اس بادل کا ذکر نہ کیجے جو گرجا وہ برسا کیا