صادق دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب ترا حسن نظر یاد آیا (غزل)
جب ترا حسن نظر یاد آیا
اپنا دل اپنا جگر یاد آیا
ایسا مدہوش کیا ساقی نے
دشت یاد آیا نہ گھر یاد آیا
تم بھلاتے تو ہو دیوانے کو
پھر بھی دیوانہ اگر یاد آیا
تیرے الطاف و کرم کے قرباں
تو مجھے شام و سحر یاد آیہ
سوئے مے خانہ چلا رند خراب
پھر کوئی مست نظر یاد آیا
جب ملا چاک گریباں کوئی
تیرے جلوؤں کا اثر یاد آیا
دیکھ کر شہر خموشاں اکثر
اپنی ہستی کا سفر یاد آیا
حال دل آپ نے پوچھا تو سہی
شکر ہے بندۂ در یاد آیا
دیکھ کر حسن جہاں اے صادقؔ
مجھ کو وہ آئنہ گر یاد آیا
اندھیرا چھا نہ جائے ماہ پارو جاگتے رہنا (غزل)
اندھیرا چھا نہ جائے ماہ پارو جاگتے رہنا
تقاضہ وقت کا ہے اے سہارو جاگتے رہنا
مری پلکوں پہ اشکوں کے ستارو جاگتے رہنا
مرے ٹوٹے ہوئے دل کے سہارو جاگتے رہنا
بڑی مدت میں وصل دوست کی یہ رات آئی ہے
مرے ہم راہ تم بھی چاند تارو جاگتے رہنا
جلو میں نور لے کر وہ نمایاں ہونے والے ہیں
مری چشم تمنا کے سہارو جاگتے رہنا
ہر اک دل میں محبت کی ابھی بنیاد رکھنی ہے
تبسم ریز ہونٹوں کے شرارو جاگتے رہنا
یہی تو کہہ رہے ہیں انقلاب وقت کے تیور
بہت طوفان آئیں گے کنارو جاگتے رہنا
ہزاروں قافلے ہیں جادہ پیما راہ الفت میں
ذرا منزل کے تابندہ اشارو جاگتے رہنا
ابھی دل سوختہ ہونے میں تھوڑی دیر باقی ہے
ابھی کچھ اور اے غم کے شرارو جاگتے رہنا
یہ دنیا ہے یہاں خوابیدہ رہنا اک قیامت ہے
یہی کہتا ہے صادقؔ غم کے مارو جاگتے رہنا