سعدی گیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صد مبارک ہو تمہی کو یہ تمہاری دنیا (غزل)
صد مبارک ہو تمہی کو یہ تمہاری دنیا
رنج و نفرت سے بھری پیار سے عاری دنیا
ہم سے تقدیر کے ماروں کا نہ سوچا تم نے
صرف اپنی ہی سنواری جو سنواری دنیا
آپ منصف ہیں تو انصاف سے خود ہی کہہ دیں
کیا کبھی ایسی بھی ہوتی تھی ہماری دنیا
نظم عالم ہوا برہم جو بکھیریں زلفیں
اور گیسو جو سنوارے تو سنواری دنیا
کچھ تعلق تو ہمیں بھی ہے اسی سلطاں سے
در پہ آتی ہے جہاں بن کے بھکاری دنیا
اب کہ بیٹھے ہیں تصور میں جو ان کے سعدیؔ
ہم نے دیوار پہ دے ماری ہے ساری دنیا
چبھتی رہی سینے میں کوئی بات مسلسل (غزل)
چبھتی رہی سینے میں کوئی بات مسلسل
پہلو ہی بدلتے رہے ہم رات مسلسل
ہوتے ہیں تصور میں وہ دن رات مسلسل
رہتی ہے مری ان سے ملاقات مسلسل
آغاز میں ہلکی سی چبھن دل میں تھی ناصح
آہستہ سے بڑھتی گئی پھر بات مسلسل
مشکل ہوا جاتا ہے اسے پہلو میں رکھنا
کرنے لگا دل ان کی شکایات مسلسل
مل جاتا خدا بھی جو کبھی ڈھونڈتے اس کو
جس طرح سے ڈھونڈا تمہیں دن رات مسلسل
سعدیؔ ہوا دشوار مری جان کا بچنا
ہونے لگیں اب ان کی عنایات مسلسل