پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعادت باندوی کی غزلیں — Saadat Bandvi Ghazals

سعادت باندوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ مت بھلا کہ یہاں جس قدر اجالے ہیں (غزل)

یہ مت بھلا کہ یہاں جس قدر اجالے ہیں

یہ آدمی نے اندھیروں سے ہی نکالے ہیں

نہ پوچھ کیوں ہے یہ رنگ غزل میں تبدیلی

یہ دیکھ سینۂ شاعر میں کتنے چھالے ہیں

لباس صبر و تحمل جو ہم ہیں پہنے ہوئے

اب اس کے لگتا ہے بخیے ادھڑنے والے ہیں

توقعات وہی آج بھی ہیں یاروں سے

کہ اب بھی یار سبھی آستین والے ہیں

خموش کانپتے مہرے لرز رہا ہے بساط

نہ جانے کون سی وہ چال چلنے والے ہیں

یہ کیا ستم ہے کہ ان کو بھی میں بڑا لکھوں

جو لوگ آج بڑے کاروبار والے ہیں

خدا کرے کہ سعادتؔ تمہیں سجھائی دیں

جو میرے شعروں میں مفہوم کے اجالے ہیں

دل میں ہو گر خواہش تصویر عبرت دیکھنا (غزل)

دل میں ہو گر خواہش تصویر عبرت دیکھنا

خوش نصیبی بانٹنے والوں کی قسمت دیکھنا

دوستوں اور دشمنوں کے درمیاں رہ کر تو دیکھ

تجھ کو آ جائے گا فرق نور و ظلمت دیکھنا

کیا قیامت سے ڈریں ہم لوگ تو وہ ہیں جنہیں

پڑ رہا ہے روز ہی روز قیامت دیکھنا

مفلسی کے دن ہیں اور برسات کی آمد کا شور

مشغلا سا بن گیا ٹوٹی ہوئی چھت دیکھنا

ایسے موقعوں پر جب آئیں زندگی میں مشکلیں

جن کی جانب دیکھنا ہو بھول کر مت دیکھنا

اے سعادتؔ جو نصیحت کرتے ہو اوروں کو تم

اس نصیحت کو کبھی اپنی بھی بابت دیکھنا

مزید غزلیں از سعادت باندوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں