پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سعادت سعید کی غزلیں — Saadat Saeed Ghazals

سعادت سعید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھوں سے وہ کبھی مری اوجھل نہیں رہا (غزل)

آنکھوں سے وہ کبھی مری اوجھل نہیں رہا

غافل میں اس کی یاد سے اک پل نہیں رہا

کیا ہے جو اس نے دور بسا لی ہیں بستیاں

آخر مرا دماغ بھی اول نہیں رہا

لاؤ تو سرّ دہر کے مفہوم کی خبر

عقدہ اگرچہ کوئی بھی مہمل نہیں رہا

شاید نہ پا سکوں میں سراغ دیار شوق

قبلہ درست کرنے کا کس بل نہیں رہا

دشت فنا میں دیکھا مساوات کا عروج

اشرف نہیں رہا کوئی اسفل نہیں رہا

ہے جس کا تخت سجدہ گہہ خاص و عام شہر

میں اس سے ملنے کے لیے بے کل نہیں رہا

جس دم جہاں سے ڈولتی ڈولی ہی اٹھ گئی

طبل و علم تو کیا کوئی منڈل نہیں رہا

صندلیں زمیں اپنی مرمریں مکاں اپنا (غزل)

صندلیں زمیں اپنی مرمریں مکاں اپنا

کون مرنا چاہے گا چھوڑ کر جہاں اپنا

مہر کے تماشے ہیں ماہ کے مناظر ہیں

رہنا مستقل ہوتا ان کے درمیاں اپنا

عمر جس کی جتنی ہے نقش اس کے اتنے ہیں

کون پھر زمانے میں پائے گا نشاں اپنا

جس پہ ہو سکے روشن نجم خوش حقیقت بھی

ڈھونڈھتی پھرے خلقت اک وہ آسماں اپنا

سر زمین تمنا کی مٹی سلاخیں اگانے لگی ہے (نظم)

سر زمین تمنا کی مٹی سلاخیں اگانے لگی ہے

گرفتار ہونے کا موسم

سر قریۂ آبرو

آفتاب ہلاکت کی صورت چمکنے لگا ہے

شعاعوں کے نوکیلے پنجوں نے جسموں کو زخمی کیا ہے

بھنور در بھنور روشنی کے سمندر

طوفان قیدی ہوئے

یہ بستی گناہوں سے معمور آفت رسیدوں کی بستی ہے

نوزائدہ آرزو انتہاؤں کے امکاں سمیٹے

ضمیروں میں لتھڑی جرائم زدہ خواہشوں کو

مٹائے تو کیسے

رگوں کے دریچوں سے لپٹی فصیلوں کو ریزوں کی صورت

ہوا میں اچھالے تو کیسے

کہ اس کا نوشتہ فقط از سر نو گرفتار ہونا

نے دائروں کے تسلط میں جینا

سیاہی کے باطن میں موجود غاروں میں رہنا

ہلاکت کی سرچشمہ گاہوں سے

آزاد رہنے کی عظمت سے واقف ہواؤ

ہماری فصیلوں کی جانب بھی آؤ

ہمیں یہ بتاؤ

گرفتار ہونا ہمارا نوشتہ نہیں تھا

ارادوں میں موجود طوق و سلاسل

ہوس ناک دہشت

تمنا کی مٹی میں فولاد ہوتے رہے ہیں

خود اپنی توانا حقیقت

گرفتار کرنے سے قاصر رہے میں

مزید غزلیں از سعادت سعید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں